اپوزیشن کی اچھل کود سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑیگا، اعجاز چوہدری 

لاہور(نیوزرپورٹر) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر سینیٹر اعجازاحمدچوہدری نے کہاکہ کرپٹ اپوزیشن جماعتوں کی اچھل کود سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑیگا، لولی لنگڑی اپوزیشن اپنے پاؤں پرکھڑی نہیں ہوسکتی، کرپٹ اپوزیشن جماعتوں کا گٹھ جوڑ اپنے ذاتی مفادات کیلئے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ اپوزیشن کا رونا دھونا عوام کیلئے نہیں اپنے جرائم سے بچنے کیلئے ہے۔ تحریک انصاف کرپٹ اپوزیشن کا ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کرتی رہے گی، مہنگائی صرف پاکستان کا ہی نہیں بلکہ دنیاکا مسئلہ ہے، وزیراعظم عمران خان مہنگائی کے ساتھ ساتھ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، جس سے عوام کی مشکلات کم ہونگی، وزیراعظم عمران خان قوم سے سچ بول رہے ہیں، ملک کو ایسی ہی دیانت دار قیادت کی ضرورت ہے جوکہ عوام کے مسائل بھی حل کرے اور ملک کو بحرانوں سے نکالے۔ اپوزیشن عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کی بجائے نمک چھڑک رہی ہے۔ وزیراعظم کے امدادی پیکیج کا مذاق اڑا رہی ہے جس پر کرپٹ اپوزیشن ٹولے کو شرم آنی چاہئے۔اپوزیشن تین سال تک ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا، اسمبلیوں کے اندر عوام کی بہتری اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لئے کوئی تجاویز پیش کرنے کی توفیق تک نہیں ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن