لاہور (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر پیر نورالحق قادری نے کہا کہ مسلمانوں کو سڑکیں بند کرنے والی نہیں بلکہ خلق خدا کی خدمت کرنے والی قیادت کی ضرورت ہے۔ خدمت میں عظمت کا راز پوشیدہ ہے۔ المصطفیٰ آئی ہسپتال بجھی آنکھوں کی روشنی بحال کرنے کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں المصطفیٰ آئی ہسپتال کی پہلی سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونے والی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت ادارہ تعلیمات اسلامیہ کے سرپرست اعلی پیر سید ریاض حسین شاہ نے کی ۔جبکہ مقررین میں سندھ کی وزیر ترقی خواتین شہلا رضا ، المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد ، سہیل وڑائچ ، مرغوب احمد ،حسن مرتضیٰ،راغب حسین نعیمی ، چوہدری منور انجم ،نعیم میر ، قاسم ضیاء ، اسلم گل ، المصطفیٰ آئی ہسپتال کے صدر طارق حمید فضل ، مجلس ترقی ادب کے چیئرمین منصور آفاق ، المصطفے کی ایم ڈی صدف جاوید ، رضوانہ لطیف ، پروفیسر ڈاکٹر ناصر چوہدری ، تجمل گرمانی ، نصرت سلیم ، نواز کھرل اور دیگر شامل تھے۔ علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ مسائل زدہ انسانوں کے درد بانٹنا سب سے بڑی نیکی ہے۔ بیمار اور لاچار انسانیت کو ریلیف فراہم کرنا ہمارا دینی اور معاشرتی فریضہ ہے۔ سندھ کی صوبائی وزیر شہلا رضا نے کہا کہ بے سہاروں کا سہارا بننے کی سوچ کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین ‘‘ المصطفے ‘‘ عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ ‘‘ روشنی سب کے لئے ‘‘ کے عنوان سے اندھے پن کے خاتمے کے لئے دنیا کے 22 ممالک میں سرگرم عمل ہے۔ پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکریٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ المصطفے کی متحرک و مخلص ٹیم بے لوث خدمت کے جذبے سے سرشار ہے۔ جامعہ نعیمیہ کے پرنسپل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ خدمت خلق کے حسین راستوں کے مسافر ہمارے معاشرے کی آنکھ کا تارا ہیں۔
مسلمانوں کو سڑکیں بند کرنیوالی نہیں،خدمت والی قیادت چاہئے: نورالحق قادری
Nov 14, 2021