اسلام آباد‘ باجوڑ‘ کوئٹہ (نمائندہ خصوصی + صباح نیوز + آئی این پی) بلوچستان میں دو مختلف واقعات کے دوران دہشتگردوں کیخلاف لڑتے ہوئے پاک فوج کے مزید تین جوان وطن پر قربان ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ تربت میں بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران پاک فوج اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران دہشتگردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا جبکہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے دو جوان شہید ہو گئے۔ شہید ہونے والوں میں سپاہی رمضان اور لانس نائیک لیاقت اقبال شامل ہیں، سپاہی رمضان کا تعلق سرگودھا اور لانس نائیک لیاقت اقبال کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی سے ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں کلیئرنس آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بارودی سرنگ پھٹنے سے سپاہی انعام اللہ شہید ہو گئے۔ سپاہی انعام اللہ کا تعلق لکی مروت سے ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فورسزملک دشمن عناصرکوشکست دینے کیلئے پرعزم ہے، بلوچستان میں امن واستحکام اور ترقی کاعمل متاثرہونے نہیں دینگے۔ باجوڑ‘ کوئٹہ سے صباح نیوز‘ آئی این پی کے مطابق باجوڑ میں راغگان ڈیم کے قریب ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے میں سکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ ایس ایچ او قابل شاہ کے مطابق شہدا کی نعشیں تحصیل خار ہسپتال منتقل کردی گئیں، جن کی شناخت کانسٹیبل عبدالحیان اور کانسٹیبل سراج کے نام سے ہوئی، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، ڈی پی او عبد الصمد خان کے مطابق واقعہ کی تحقیقات شروع کردیں جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا، دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے نواں کلی پہلے سٹاپ میں پولیس وین کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق دھماکے کی جگہ کو سیل کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
تربت آپریشن:باجوڑ ،کوئٹہ میں دھماکے کے،3نوجوان،2پولیس اہلکارشہید،3زخمی
Nov 14, 2021