لاہور (اپنے نامہ نگار سے) وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے وفاقی نظر ثانی بورڈ میں تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ سعد حسین رضوی کے خلاف زیر التواء ریفرنس واپس لینے کی درخواست دیدی۔ محکمہ داخلہ نے بذریعہ ڈپٹی کمشنر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ وزرات داخلہ نے حافظ سعد حسین رضوی کا نام فورتھ شیڈیول سے خارج اور بطور شخص حافظ سعد حسین رضوی کو کالعدم قرار دینے کا نوٹیفکیشن بھی واپس لے لیا گیا ہے۔ لہٰذا اب حکومت اس ریفرنس کو واپس لینا چاہتی ہے۔ذرائع نے واضح کیا ہے کہ درخواست سپریم کورٹ اسلام آباد بھجوا دی گئی ہے۔ نظر ثانی بورڈ کے سربراہ جسٹس مقبول باقر ریکارڈ کا جائزہ لیکر اس پر باقاعدہ سماعت کریں گے یا پھر بطور سربراہ ریفرنس واپس لینے کی بنیاد پر فیصلہ سنا دیں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے قوی امکانات ہیں کہ پیر تک حافظ سعد حسین رضوی کی رہائی کے احکامات جاری کردیئے جائیں گے۔
وفاقی حکومت نے سعد رضوی نظربندی ریفرنس واپس لینے کی درخواست دیدی
Nov 14, 2021