راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ کے تحت تمام دینی جماعتوں کی نمائندہ خواتین کی فکری نشست کا اہتمام کیا گیا فورم کا مقصد دینی محاذ پر درپیش چیلنجز اور قومی ایشوز پر مختلف مکتبہ فکر اور دینی جماعتوں کی خواتین نمائندگان کوایک پلیٹ فارم پر لانا تھا ،فورم کی صدارت کرتے ہوئے حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی صوبہ شمالی پنجاب کی ناظمہ ثمینہ احسان نے کہا کہ یہاں مدعو کی گئیں تمام دین دار خواتین اپنے اپنے محاذ پرطے شدہ طریقہ کار کے مطابق دین اور ملک و ملت کی بہترین خدمت انجام دے رہی ہے لیکن احیائے دین اور دفاع وطن کی خاطر ہمیں اپنی کاوشوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنا ہو گا،ڈائریکٹر شعبہ تعلقات عامہ ،حلقہ خواتین,جماعت اسلامی پاکستان عائشہ سید نے کہا کہ مغرب کے معاشی نظام اور طرز رہن سہن سے مرغوب ہونا نئی نسل کے لئے زہر قاتل ہے اپنی تہذیب اور اسلامی تمدن پر فخر نوجون نسل کی تعلیمی اقدار کی بنیاد ہونا چاہیے ،سیدہ ہما مرتضی ڈائریکٹر البصیرہ رہنما امامیہ سٹوڈنٹس ارگنائزیشن نے کہا کہ باطل قوتیں دینی جماعتوں کو ایک دوسرے سے نبرد آزما دیکھنا چاہتی ہیں اور اس میں ان کے مفادات کی تکمیل کی راہ نکلتی ہے، جماعت اسلامی کی طرف سے نزہت بھٹی, زبیدہ خاتون, نصرت ناہید, سمعیہ پروین اور راحیلہ بقاء نے شرکت کی جبکہ تحریک منہاج القرآن کی وائس پریذیڈنٹ سمیت تمام دینی جماعتوں کی نمائندگان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحفظ شعائر اسلام اور احیائے دین کی پاسداری ک لئے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینا اور اس پر عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔