راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)سٹی پولیس افسر اطہر اسمعٰیل نے قبضہ گروپوں، منشیات فروشوں اور بدمعاشوں کے خلاف اعلان جہاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبضہ گروپ خواہ انفرادی حیثیت میں ہوں یا ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی شکل میں ہوں کسی غریب کی ایک بالشت زمین پر کسی بدمعاش اور قبضہ گروپ کو قبضہ نہیں کرنے دوں گاجبکہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں منشیات فروشوں کی بھی اب راولپنڈی میں کوئی جگہ نہیں پولیس کرمنل جسٹس سسٹم کا پہلا دروازہ ہے محکمہ کے اندر جزا اور سزا کے نفاذ سے پنجاب پولیس میں بتدریج بہتری آئی ہے پولیس کے اندر کسی بھی سطح کی کرپشن اور رشوت پر کوئی معافی نہیں ہو گی جو افسر یا اہلکاردیانتداری سے نوکری نہیں کرسکتاوہ از خود گھر چلاجائے ورنہ اسے جیل کی ہوا کھانا پڑے گی صحافت اور پولیس باہم لازم و ملزوم ہیں آپ اپنے قلم کے ذریعے اور پولیس قانون کے تحت حاصل اختیارات کے تحت جرائم اور معاشرتی ناہمواریوں کا قلع قمع کرتے ہیں عوام اپنے ارد گرد نظر رکھیں اور پولیس کے دست و بازو بنیں میری تمام تر ترجیحات پنجاب حکومت اور آئی جی پنجاب کے ویژن کے تابع ہوں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کی شام پولیس لائن میں میڈیا کے ساتھ پہلی تعارفی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز رائے مظہر اقبال بھی موجود تھے۔