کوئٹہ (بیورورپورٹ )گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے نواں کلی کوئٹہ میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو صوبہ میں امن وامان کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ گورنر بلوچستان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ واقعہ میں ملوث افراد کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لیا جائے۔حکومت دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پْرعزم ہے اور دشمن اپنے بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے پختہ عزائم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔ گورنر بلوچستان نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں سے یکجہتی کا اظہار کیا اور انہیں ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بھی مذمت کرتے ہوئے پولیس کو تحقیقات کا حکم دے دیا ۔انہوں نے کہا کہ تخریب کار صوبے کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے عوام کے تعاون سے دہشت گردی کی عفریت کا خاتمہ کرینگے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو علاج ومعالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے تربت کے علاقے ہو شاپ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں دو سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کا اظہار کیا۔حب سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعلی بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے اپنے دورہ حب کے موقع پر لسبیلہ کی تعمیر و ترقی مسائل کے حل اور عوام کی سہولت کے مختلف منصوبوں کے اعلانات کئے۔وزیراعلیٰ نے ترقیاتی ادارہ حب کے لئے خصوصی پیکیج دینے اور لیڈا کے لئے 80 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز کے اجراء کااعلان بھی کیا وزیراعلیٰ نے حب سپیشل اکنامک زون پر اراضی کا مسئلہ فوری طور پر حل کرتے ہوئے 415 ایکڑ پر محیط فیز ون پر ترقیاتی کام کے آغاز کی ہدایت کی وزیراعلیٰ نے اوتھل پریس کلب اور لسبیلہ پریس کلب حب کے لئے بیس بیس لاکھ روپے گرانٹ دینے پریس کلب کی عمارت کی تعمیر نو کا اعلان کیا وزیراعلیٰ نے حب تا کراچی سنگل روڈ کو دو رویہ بنانے کیلئے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
حکومت دہشت گردی کو جڑسے اکھاڑنے کے لیے پر عزم ہے:گورنر وزیر اعلیٰ بلوچستان
Nov 14, 2021