پنڈورا اور پانامہ پیپرز میں شامل افراد کیخلاف کارروائی کی جائے: سراج الحق

Nov 14, 2021

ملتان (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں کوئی فرق نہیں ہے، موجودہ حکومت نے معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔ پانامہ لیکس اور پنڈورا پیپرز میں شامل افراد کے خلاف تحقیقات کی جائیں۔ ملک میں دو کی بجائے ایک نظام احتساب ہونا چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے زیراہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھروں کی فراہمی کا نعرہ لگایا تھا۔ وی آئی پی کلچر اور جھوٹ کے خاتمے کا بھی اعلان کیا، مگر کسی وعدے کو پورا نہیں کیا گیا۔ عمران خان احتساب کا نعرہ لگا کر اقتدار میں آئے۔ مگر انہوں نے اپنے ارد گرد موجود لوگوں کا احتساب نہیں کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ ہمارا پاسپورٹ دنیا کے خراب ترین پاسپورٹس میں شامل ہو چکا ہے۔ لاہور اور کراچی آلودہ ترین شہروں میں شامل ہو چکے ہیں۔ پاکستان پر 47 ہزار ارب روپے کا قرضہ ہے حالانکہ موجودہ حکومت کہتی تھی کہ ڈالروں کی بارش ہو گی۔ وزرات خزانہ نے پاکستانی روپے کا کاغذ کا ٹکڑا بنا کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خاندانی بنیادوں پر سیاسی پارٹیاں چلائی جا رہی ہیں۔ مجھے پاکستان کے سیاسی لیڈروں کے طور پر نہ سمجھیں، سپریم کورٹ کی بلڈنگ پر یہ لکھا ہے عدل کرو جو تقوی کے بہت قریب ہے،، عدل کے لئے آزاد عدلیہ ضروری ہے۔ آزادی عدلیہ کے لئے طاقت ور بار کی ضرورت ہے۔ جب تک ہمارے معاشرے میں حقیقی احتساب نہیں ہوگا۔ ملک میں ترقی نہیں ہوگی۔ تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈر نے احتساب کا نعرہ لگایا ہے۔ مشرف نے بھی احتساب کا نعرہ لگایا تھا، خود پسندی میں مبتلا لیڈر انقلاب نہیں لا سکتے۔ پاکستان میں امیر اور غریب کے لئے نظام عدل الگ الگ ہے۔ تقریب میں صدر امیر پنجاب جماعت اسلامی راؤ  محمد ظفر، امیر ملتان جماعت اسلامی ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی، صدر ہائیکورٹ بار سید ریاض الحسن گیلانی سمیت وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ایڈووکیٹ اطہر عزیز نے بھی خطاب کیا۔
سراج الحق

مزیدخبریں