ملتان‘ مظفر گڑھ‘ وہاڑی (نمائندہ نوائے وقت‘ کرائم رپورٹر+نامہ نگار) حکومت پنجاب کی جانب سے ضلع ملتان مظفر گڑھ اور وہاڑی میں خسرہ اور پولیو سے بچاؤ کی 12 روزہ مہم کا آغاز کردیا گیا ملتان میں ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے چوک گھنٹہ گھر پر انسداد خسرہ مہم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب گورمانی اور ڈی ایچ او ڈاکٹر علی مہدی بھی موجود تھے۔افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں بچوں کو خسرے کے انجکشن اور پولیو کے قطرے پلائے گئے۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ 15 نومبر سے 27 نومبر تک جاری رہنے والی اس مہم کے دوران 9 ماہ سے 15 سال کے بچوں کو خسرہ کے انجکشن لگائے جائیں گے جبکہ انسداد خسرہ مہم میں 5 سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے جائیں گے قبل ازیں ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کی قیادت میں آگاہی ریلی بھی نکالی گئی۔ مظفر گڑھ میں ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے مہم کا افتتاح کیا انہوں نے بتایا 18 لاکھ بچوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔ وہاڑی میں ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری نے گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول وہاڑی میں خسرہ اور روبیلا مہم کا افتتاح بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگا کر کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی سید وسیم حسن، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر انجم اقبال، سی ای او ایجو کیشن محمد صہیب عمران، سینئر ہیڈ ماسٹر ظفر جمیل، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر شاہد اقبال،ڈسٹرکٹ مانیٹر ڈبلیو ایچ او سیدہ فوزیہ بخاری، ای پی آئی فوکل پرسن چوہدری فضل دین،علماء اکرام مفتی محمد حیات قادری، مولانہ محمد امجد سعیدی اور دیگر موجود تھے۔