لاہور(کامرس ڈیسک) فرانسیسی سفارتخانے کے اکنامک قونصلر ڈومینک سائمن نے کہا ہے کہ فرانس پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والا بڑا ملک ہے اور مستقبل میں بھی سپورٹ جاری رکھے گا۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، نائب صدر حارث عتیق اور لاہور چیمبر کے سابق صدر ملک طاہر جاوید نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نعیم حنیف اور شہزاد بٹ بھی موجود تھے۔ اکنامک قونصلر نے کہا کہ کووڈ کے بعد کاروباری سرگرمیاں معمول پر آ رہی ہیں، فرانس نے پاکستان میں نیا سفیر تعینات کر دیا ہے جوجلد ہی چارج سنبھالنے والے ہیں۔فرانس پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والا بڑا ملک ہے، مشہور فرانسیسی کمپنی لوریل پاکستان میں پروڈکشن کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کی ایک معروف کمپنی جو کہ گیس ٹربائنز کے حوالے سے شہرت رکھتی ہے، بلوچستان میں توانائی کی پیداوار کے لیے دو پاور پلانٹس میں تقریباً 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکی ہے۔ ایک اور فرانسیسی کمپنی نے حال ہی میں ہائی وولٹیج لائنوں کی تنصیب کے لیے این ٹی ڈی سی کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فرانس نے پیرس کلب معاہدے کے ذریعے تقریباً 6 ارب ڈالر کے قرض کی تنظیم نو کے لیے بھی پاکستان کی حمایت کی ہمیشہ جی ایس پی پلس سٹیٹس پر پاکستان کی حمایت کی ہے اور جی ایس پی کنونشنز کی پاسداری پر پاکستانی حکومت کی کوششوں کو سراہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کا کوئی بھی ممبر جسے فرانس سے تجارت کے حوالے سے کوئی مسئلہ ہو، ان سے رابطہ کرسکتا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ فرانس پاکستان کا بہترین دوست اور یورپی یونین میں اہم مقام رکھتا ہے، لاہور چیمبر نے ہمیشہ فرانس کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بہت اہمیت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ 2020-21میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 785 ملین ڈالر تھا۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کو پاکستانی برآمدات میں ٹیکسٹائل ،چاول، چمڑے اور آلات جراحی شامل ہیں جبکہ فرانس سے پاکستان کی درآمدات مشینری، ہوائی جہاز کے پرزوں، دواسازی، کیمیکل، ڈیری مصنوعات اور پلاسٹک پر مشتمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر 2021) میں فرانس کو پاکستان کی برآمدات 119 ملین ڈالر رہی جو کہ گذشتہ سال کے اسی عرصے میں 91 ملین ڈالرتھیں۔ انہوں نے کہا کہ فرانسیسی سفارت خانے کا کمرشل سیکشن دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، دونوں ممالک کو الیکٹرک وہیکلز اور موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ کے ہائی ٹیک شعبوں میں بھی تعاون کرنا چاہیے۔ ویلیو ایڈیشن یقیناً تجارت کے حجم میں زبردست اضافہ کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیرس دنیا کے فیشن کیپیٹل اور یورپ کے اہم سیاحتی مقامات میں سے ایک کے طور پر مشہور ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکسٹائل کے شعبہ سے وابستہ ایس ایم ای سیکٹر جدید فیشن کے رجحانات میں فرانسیسی مہارت سے بہت فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ فرانس کا سفارت خانہ پاکستان میں ایس ایم ای سیکٹر کی کپیسٹی بلڈنگ میں بھی اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی وفود کے تبادلے اور سنگل کنٹری نمائشیں دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان تعلقات مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے فرانسیسی اکنامک قونصلر کو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبر باقاعدگی سے فرانسیسی زبان کی کلاسز کا انعقاد کررہا ہے ۔
فرانس پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والا بڑا ملک ہے ‘ڈومینک سائمن
Nov 14, 2021