لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم میں باصلاحیت کھلاڑیوں کو میرٹ کی بنیاد پر موقع دیا گیا، نوجوان کھلاڑیوں نے اذلان شاہ ہاکی کپ میں اپنی صلاحیتوں کے بھرپور جوہر دکھائے اور ایونٹ میں گیارہ سال بعد وکٹری سٹینڈ پر جگہ بنائی، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے نامساعد مالی حالات کے باوجود اینگرو کارپوریشن کے تعاون سے انٹرنیشنل ہاکی ایونٹ میں پاکستان کی شرکت کو یقینی بنایا اور ٹیم کانسی کا تمغہ لے کر وطن واپس لوٹی۔ درخواست کرتا ہوں کہ ایف آئی ایچ نیشن کپ میں شرکت کےلئے حکومت پاکستان ہاکی ٹیم کو فنڈز فراہم کرے، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سندھ حکومت نے ہمیشہ پاکستان ہاکی کا ساتھ دیا جس پر انکے مشکور ہیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے جس بہترین انداز میں اذلان شاہ ہاکی کپ میں پرفارم کیا ہے اس سے مستقبل کے ایونٹ کیلئے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔قومی ہاکی ٹیم نے وکٹری سٹینڈ پر آکر قوم کے دل جیت لئے ہیں۔ ہم سب کو چائیے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔ قومی کھیل ہاکی کودیگر کھیلوں کی طرح حکومتی اور پرائیوٹ اداروں کی سپورٹ کی ضرورت ہے۔ سب کو قومی کھیل کی ترقی و ترویج کیلئے آگے بڑھنا چائیے تاکہ قومی کھیل کو کھویا ہوا مقام واپس مل سکے۔ پی ایچ ایف نے نامساعد مالی حالات کے باوجود پاکستان ٹیم کو انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کےلئے بھجوایا جس کےلئے حکومت سندھ اور اینگرو کارپوریشن کے بے حد مشکور ہیں۔ پاکستان ہاکی ٹیم کی ایف آئی ایچ نیشن کپ میں شرکت لازمی ہے جس میں فتح کی صورت میں اولمپکس کوالیفائی کرنے کے چانسز موجود ہیں ‘ پرولیگ میں بھی شرکت کا موقع ملے گا جس سے پاکستان کی رینکنگ میں مزید بہتری آئےگی۔ پاکستان اگر اس انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت نہیں کرےگا تو پاکستان پر بھاری جرمانہ عائد ہوگا اور پابندی لگنے کا خدشہ ہے۔ حکومت سے التماس ہے ہاکی ٹیم کی ایونٹ میں شرکت کو یقینی بنائے۔