راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) جمعیت علماءاہلحدیث پاکستان کے چیئرمین ومعروف عالم دین علامہ قاضی عبدالقدیرخاموش نے کہاہے کہ سیاست کے لیے مذہب کااستعمال کسی طورپربھی درست عمل نہیں ،پی ڈی ایم کی حکومت مذہب کوسیاسی ہتھیارکے طورپراستعمال کررہی ہے۔حکومت سودکے حوالے سے صرف سپریم کورٹ سے اپیل واپس لے کرعوام کوگمراہ نہ کرے بلکہ عملی اقدامات اٹھائے ۔ وزیرآبادمیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پرہونے والے حملے مکمل تحقیقات ہونی چاہیں ،ان خیالات کااظہارانہوں نے یہاں اسلام آبادمیں علماءکرام کے ایک وفدسے ملاقات کرتے ہوئے کیا ووفدمیں حاجی عبدالغفارسلفی،علامہ عبدالخالق فریدی،حاجی محمدشفیق انصاری،حاجی محمدایوب ،حاجی محمود احمدبٹ ،حافظ عبدالباسط ودیگرشامل تھے ۔علامہ قاضی عبدالقدیرخاموش نے وزیرآبادمیں پاکستان تحریک انصاف کے قافلے پرحملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جب سے سیاست میں مذہب کااستعمال بڑھاہے اس کے بعدسے آئے روزسیاسی رہنماﺅں پرحملے ہورہے ہیں،یہ حملے ملک اورریاست کے لیے نقصان دے ہیں پی ڈی ایم کی حکومت ہرمحاذپرناکام ہوچکی ہے ملک کی معاشی وسیاسی صورتحال ابتری کاشکارہے بین الاقوامی برادری ہمارے حکمرانوں پراعتبارکرنے کوتیارنہیں ہے۔
سیلاب زدگان بدستوربے یارومددگارپڑے ہوئے ہیں ان کاکوئی پرسان حال نہیں جبکہ وزیراعظم شہبازشریف دنیاکی سیرکررہے ہیں انہوں نے کہاکہ یہ ہمارے لیے شرم کامقام ہے کہ ہمارے مستقبل کے فیصلے میں لندن میں ایک مجرم کررہاہے جوخود اپنے مستقبل کافیصلہ نہیں کرسکتا وہ ہماری ریاست کے اہم فیصلے کررہاہے پوری پی ڈی ایم کی حکومت لندن میں بیٹھے مجرم کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہے اگرہمارے فیصلے اسی طرح ہونے ہیں توپارلیمنٹ کوبندکردیاجائے یہ جمہوریت کے منہ بدترین طمانچہ ہے ۔حکومت ہوش کے ناخن لے سود کے حوالے سے اپیل سپریم کورٹ سے واپس لے کرعوام کوگمراہ نہ کرے بلکہ اس حوالے سے عملی اقدامات اٹھا کرملکی معیشت کوسودسے پاک کرے ۔
سیاست کے لیے مذہب کااستعمال درست عمل نہیں، عبدالقدیرخاموش
Nov 14, 2022