کراچی(این این آئی)جامعہ کراچی کے شعبہ اُردو کے زیر اہتمام گزشتہ روز کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی کی سماعت گاہ میں یوم اقبال کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار کی صدارت پاکستان اسٹڈی سینٹر جامعہ کراچی کے سابق ڈائریکٹر اور سہیل یونیورسٹی کے رئیس کلیہ سماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر جعفر احمد نے کی جبکہ افتتاحی کلمات شعبہ اُردو کی استادڈاکٹر عظمی حسن اورنظامت کے فرائض ڈاکٹرذکیہ رانی نے انجام دیے۔ ڈاکٹر جعفر احمد نے اقبال کی فکراور عصری تقاضے کے موضوع پر گفتگو کی۔شعبہ فلاسفی جامعہ کراچی کے پروفیسرڈاکٹر عبدالوہاب سوری نے اقبال کی شاعری کو فلسفہ کی آسان تفہیم قرار دیا۔ ''اقبال،انگریزی اورہم'' کے موضوع پر شعبہ انگریزی جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر افتخار شفیع نے اظہار خیال کرتے ہوئے علامہ اقبال کونو آبادیاتی دورکا پہلا بڑا شاعر قراردیاجو براہ راست اس ثقافتی تشخص کے تجربے سے گزرے جو کسی نہ کسی شکل میں اب بھی ہمارا ثقافتی تجربہ ہے۔ اقبال کی شاعری کی سائنسی جہتیں۔ پر اظہار کرتے ہوئے شعبہ طبیعیات کے پروفیسر ڈاکٹر انتخاب الفت نے اقبال کے منتخب اشعار کامشاہداتی اور نظری احوال پیش کیا۔ ڈاکٹر رمضان بامری صدرنشین شعبہ فارسی جامعہ کراچی نے اقبال کی فارسی شاعری، ڈاکٹر خالد امین نے اقبال اور یورپ کے عنوان پر اظہار خیال کیا۔ صدرنشین شعبہ اُردو جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عظمی فرمان نے تمام مہمان مقررین کا شکریہ ادا کیا۔علامہ محمد اقبال کے145 ویں یوم ولادت کے سلسلے میں شعبہ اردو جامعہ کراچی کا سیمینار یوں منفرد ٹھہرا کہ علامہ اقبال کی فکر کے مطالعہ کو دیگر علوم وفنون کے تناظرمیں پیش کیا گیا۔فلسفہ،انگریزی زبان،فارسی زبان،طبیعات اوراردوزبان وادب کے محققین نے سیمینار میں اپنے تحقیقی وتجزیاتی مقالات پیش کیے۔سیمینار میں اساتذہ شعبہ اردو اور جامعہ کے طلبا و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
سیمینار کا انعقاد