ٹنڈوالہ یار میں صفائی کا فقدان،شہریوں کا احتجاج


ٹنڈوالہ یار (نامہ نگار ) پاکستان راہ حق پارٹی ٹنڈوالہ یار نے گلیوں اور سڑکوں پر گندا پانی جمع ہونے کے خلاف پبلک ہیلتھ ٹنڈوالہ یار کے خلاف مجاہد کالونی کے ڈسپوزل پر مولانا کاشف حنفی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا ، احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان راہ حق پارٹی سندھ کے نائب صدر سید سکندر شاہ نے کہا کہ مجاہد کالونی کے ڈسپوزل پر 3 مشینوں کے فریم لگے ہوئے ہیں ، لیکن وہاں صرف دو مشینیں ہی موجود ہیں ، ان دو میں سے بھی ایک مشین خراب ہے ، جو ایک مشین چلتی ہے وہ بھی صرف اس وقت چلتی ہے جب بجلی ہو ، ٹنڈوالہ یار میں تقریباً 15 گھنٹے بجلی بند ہوتی ہے ، ان 15 گھنٹے میں وہ مشین بھی بند رہتی ہے ، اس بنیادی مسئلے کی وجہ سے سڑکوں اور گلیوں میں گندا پانی جمع ہوتا ہے ، مولانا ملک قاسم نے کہا کہ ہم وارڈ نمبر 14 کے رہائشی ہیں اور صفائی کا فقدا ن ہے نکاسی آب اپنی مدد آپ کے تحت کرتے ہیں ، ڈسپوزل پر جرنیٹر نہیں چلایا جاتا ، ملازمین سے بات کرو تو وہ کہتے ہیں کہ ہمیں ڈیزل نہیں ملتا ، کلیم اللہ قائم خانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈسپوزل پر موجود کنویں کئی ماہ سے بھرے پڑے ہیں ان کی صفائی نہیں کروائی جارہی ہے ، جس کی وجہ سے علاقے میں بیماریاں پھیل رہی ہیں اور گندے پانی کی نکاسی بھی نہیں ہو رہی ہے ، سید موسیٰ شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان راہ حق پارٹی عوامی مسائل کے حل کے لئے میدان میں نکل چکی ہے ، اب ہر صورت شہر کے مسائل حل کروائیں جائیں گے ، اس موقع پر انجینئر رضوان عباسی ، مذمل کشمیری ، حافظ ظہیر کشمیری ، سید حاجی عبدالرشید شاہ ، سید اسد شاہ ، ممتاز کھوکھر ، سید طاہر شاہ ، محمد ارشد مئیو ، سید معاویہ شاہ و دیگر بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن