چمن (نوائے وقت رپورٹ) چمن میں پاک افغان بارڈر باب دوستی پر افغان حدود سے ہونے والی فائرنگ کے باعث ایک ایف سی اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔ لیویز حکام کے مطابق فائرنگ کے بعد پاک افغان سکیورٹی اہلکاروں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے دوران باب دوستی سے آنے جانے والے پیدل شہریوں میں بھگدڑ مچ گئی۔ پاکستانی حکام نے فائربندی کے لیے افغان حکام سے رابطہ کیا ہے۔ واقعہ کے بعد باب دوستی تجارت اور پیدل آمدورفت کے لیے بند کردیا گیا ہے، جس سے سرحد کی دونوں جانب مال بردار ٹرک اور شہری پھنس گئے ہیں۔ لیویز حکام کے مطابق باب دوستی پر پاکستان اور افغان حکام کے درمیان فلیگ میٹنگ ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حملہ آوروں کی حوالگی تک باب دوستی بند رہے گا۔ اس حوالے سے افغان حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور طالبان کے بھیس میں نامعلوم دہشت گرد تھے، ان کی تلاش جاری ہے۔
چمن : افغانستان سے فائرنگ ، ایف سی اہلکار شہید ،2 زخمی ، باب دوستی بند
Nov 14, 2022