لاہور(نیوزرپورٹر)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے فلاحی تنظیم اخوت فانڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب، کامران شمس،سلیم رانجھا، بہاولپور اکنامک ڈویلپمنٹ فورم کے رانا طارق، ڈاکٹر رضوان اور میاں شاہد اقبال نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیلاب زدگان کی بحالی، مکانات کی تعمیر اور بالخصوص سیلاب متاثرین کو سیلاب کے ٹراما سے باہر نکالنے کے لیے کام کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پبلک اور پرائیوٹ سیکٹر یونیورسٹیوں نے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان اور فنڈز اکٹھا کرنے کے ساتھ ساتھ سیلاب زدہ علاقوں میں جا کر بڑھ چڑھ کر کام کیا۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کے سماجی، معاشی اور نفسیاتی اثرات سے باہر آنے میں کافی وقت لگے گا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو ٹراما سے نکالنے میں مدد کے لیے میکنیزم بنایا جائے گا۔انہوں نے جامعات کے طلبہ پر زور دیا کہ سیلاب زدگان کو نفسیاتی اثرات سے باہر نکالنے میں کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بتانے کی ضرورت ہے کہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے امپلیمینٹیشن مینارٹی رائیٹس فورم پاکستان کے بانی و چیئرمین سیموئیل پیارا کی قیادت میں آئے وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے ویڑن کے مطابق پاکستان میں بسنے والی تمام اقلتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہمارا فرض و ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے اب تک ملک کی ترقی اور استحکام میں اقلیتوں کا کردار قابل تحسین ہے۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر بشپ ندیم بھنڈر اور پرویز مسیح کا سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے شکریہ بھی ادا کیا۔گورنر پنجاب نے وفد کی درخواست پر گورنر ہاس میں سیلاب متاثرین کی بحالی میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے افراد کے اعزاز تقریب رکھنے پر رضامندی ظاہر کر دی۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہئے۔