2.2ارب روپے سے متاثرہ کسانوں کو بلا معاوضہ گندم کے بیجوں کی تقسیم کا آغاز 

Nov 14, 2022

کوئٹہ( این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس کی قیادت میں صوبائی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے کسانوں کو بلا معاوضہ گندم کے بیجوں کی تقسیم کے پروگرام پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ۔ صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے کسانوں کوبلا معاوضہ گندم کے بیج کی فراہم کے پروگرام کیلئے 2.2ارب روپے کا اجراء کر دیا گیا جس سے ٹینڈرنگ کے عمل کے ذریعہ گندم کے بیجوں کی 50 کلوگرام کی 3لاکھ 81 ہزار بوریاں خرید ی گئی پروگرام سے صوبے کے 34 اضلاع کے ایک لاکھ سے زائد کسان مستفید ہوں گے اس اقدام کا مقصد سیلاب کے بعد گندم کی قلت کے خدشہ کو ختم کرنا ہے۔ صوبہ بھر میں ربیع کے سیزن میں 1.3 ملین ایکڑ رقبہ پر گندم کاشت کی جاتی ہے ۔ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت کے زریعہ مستحق کسانوں کو بیج فراہم کئے جائیں گے۔ گندم کے بیجوں کی تقسیم میں شفافیت کے لئے وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کو نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

مزیدخبریں