شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)مدنی دستر خوان پروگرام کے چیف کوآرڈینیٹر و سابق رکن صوبائی اسمبلی حاجی محمد نواز نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبالؒ وہ عظیم ہستی ہیں جنہوں نے سوئی ہوئی امت کو خواب غفلت سے بیدار کیا اورمسلمانان ہند میں انقلاب برپا کر دیا آپ نے دوقومی نظریے کو بنیاد بنا کر برصغیر کے مسلمانوں کیلئے الگ ریاست کا تصور پیش کیا اور قائد محمد علی جناح کو اپنا وکیل مقرر کرکے عملی جامہ پہنایا علامہ محمد اقبال نے نہ صرف نشان منزل دیا بلکہ حصول منزل کا راستہ بھی بتادیا ان کی شاعری امید کی روشنی دکھاتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حافظ خالد نواز ٹیپو، محمد فضل بلال نواز ایڈووکیٹ، حاجی احمد علی، حاجی میاں محمد الیاس، انجینئر معراج دین و دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، حاجی محمد نواز نے کہا کہ اقبال وہ شخصیت ہیں جسے ہر ملک ہر قوم اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ اپنا شاعر تصور کرتے ہیں علامہ اقبال نے نہ صرف آزادی اور غلام کا فرق بتایا بلکہ غلامی کی زنجیروں کو توڑنے کا ہنر بھی سکھایا علامہ اقبال نہ صرف بے عمل شخص کو ناپسند قرار دیتے بلکہ احسن انداز میں عظمت رفتہ کی یاد دلانے کی کوشش کرتے ہیں علامہ اقبال کے نزدیک عظمت رفتہ کا حصول صرف اور صرف عمل سے ہی ممکن ہے کیونکہ عمل سے زندگی بنتی ہے ٗ جنت بھی جہنم بھی ٗیہ خاکی اپنی فطرت میں نہ نوری ہے نہ ناری ہے ۔