گیس کی قیمتوں میں 237فیصد اضافے سے مہنگائی کا سونامی آئیگا:ڈاکٹر خرم طارق

Nov 14, 2022


مکوآنہ ( این این آئی ) گیس کی قیمتوں میں 237فیصد اضافے سے مہنگائی کا نیا سونامی پیدا ہوگا جس سے نہ صرف سیاسی اور معاشی بے چینی بڑھے گی بلکہ بے روزگاری میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس لئے حکومت کو اس اضافے کی ہرگز اجازت نہیں دینی چاہیے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ مہنگائی، سیاسی عدم استحکام اور سیلاب نے پاکستانی معیشت کو ب±ری طرح متاثر کیا ہے جبکہ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں سے قبل ہی حکومت نے کمرشل کنکشن ہولڈرز کو ایل این جی پر منتقل ہونے کے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ اگر ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی اسی تناسب سے اضافہ ہوا تو صنعتی شعبہ اِن بھاری اضافی اخراجات کو برداشت نہیں کر سکے گا اور نتیجتاً صنعتوں کی بندش سے بے روزگاری کا طوفان اٹھ کھڑا ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بے روزگاری کی وجہ سے فیصل آباد میں سٹریٹ کرائمز پہلے ہی بہت زیادہ ہیں جبکہ صنعتیں بند ہونے سے لوگوں کو جان و مال کا تحفظ مہیا کرنا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زمینی حقائق کا جائزہ لینے کے بعد کوئی فیصلہ کرے کیونکہ عجلت میں کئے گئے فیصلوں سے نہ صرف حالات خراب ہوتے ہیں بلکہ بعد میں اِن فیصلوں کو واپس لینے سے حکومتی کارکردگی پر بھی سوال اٹھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکار حکومت کی مالی مجبوریوں کو سمجھتے ہیں لیکن حکومت کو بھی عوام کے مسائل کا ادراک ہونا چاہیے تاکہ مل بیٹھ کر ملک و قوم کے بہترین مفاد میں فیصلے کئے جا سکیں۔

مزیدخبریں