اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات نے پاکستان کے مستقبل کے ترقیاتی منظر نامے کی تعمیر کے بارے میں ایک جامع سٹڈی پاکستان آئوٹ لک 2035 شروع کرے گی، جس میں موجودہ معاشی بحران کی روشنی میں طویل مدتی چیلنجز کا جائزہ لیا جائے گا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے آئوٹ لک 2035 ء کو شروع کرنے کا فیصلہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس کو2023 ء میں باقاعدہ شروع کیا جائے گا اور یہ پاکستان کے وژن 2035، 2047 ء اور ترقی کے لیے ایک پیش خیمہ ثابت ہو گا۔ وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اس حوالہ سے وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی معیشت کو بنیادی ڈھانچہ جاتی تبدیلیوں اور نئی برآمدات کی ترقی کے فروغ کی ضرورت ہے۔ یہ کم از کم ایک دہائی تک ایک مستقل پالیسی فریم ورک پر عمل کر کے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسیوں کا تسلسل ختم کر دیا گیا اور گزشتہ حکومت نے تصادم اور الٹ پلٹ کا راستہ اختیار کیا جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد اور ترقی تباہ ہو گئی۔ پاکستان آئوٹ لک 2025 ء کی اہمیت کے بارے میں وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ پہلے دن سے ہماری اولین ترجیح ملک میں معاشی تبدیلی اور استحکام لانا اور قومی ترقی کے سفر کو دوبارہ شروع کرنا ہے۔ انہوں نے اس اقدام کی نگرانی کے لیے ایک سٹیئرنگ کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی جس میں ملک کے سرکردہ ماہرین اقتصادیات، نجی شعبے اور ملک کے تحقیقی ادارے شامل ہوں۔ چیف اکانومسٹ اس کوشش کو مربوط بنائیں گے۔
احسن اقبال