لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب حکومت نے سرکاری گندم سے تیار کئے جانے والے 10کلو آٹے کے تھیلے کی 1374 روپے ایکس مل قیمت مقرر کر دی اور عوام کو 10کلو آٹے کا تھیلا 1399 روپے کے لگ بھگ ملے گا جبکہ ایک کلو آٹا 139.90روپے میں ملے گا کیونکہ رواں سال کے لئے پنجاب حکومت نے ایک من گندم کی قیمت 4700 روپے مقرر کی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال پنجاب حکومت نے سرکاری گندم کے اجرائی نرخ 3 مرتبہ مقرر کئے تھے پہلے ایک من گندم کی اجرائی قیمت 1765روپے مقرر کی گئی جس کے مطابق 10کلو آٹے کی قیمت 525 روپے کے لگ بھگ مقرر کی گئی، اس کے بعد نظرثانی کر کے ایک من گندم کی اجرائی قیمت 2300روپے فی من مقرر کی گئی، اس کے مطابق 10کلو آٹے کی قیمت 650روپے مقرر کی گئی۔ اس کے بعد ایک مرتبہ اور نظر ثانی کر کے ایک من گندم کی اجرائی قیمت 3900روپے مقرر کی گئی جس کے مطابق 10کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1158روپے مقرر کی گئی تھی۔ ان قیمتوںکے جائزے سے واضح ہوتا ہے کہ رواں سال کے لئے پنجاب کے عوام کے لئے آٹے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔