لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کے انتظامات بہتر نہ ہونے پر فوری طور ڈی جی ماحولیات کو تبدیل کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے نگراں پنجاب حکومت کی کارکردگی پر بھی خفگی کا اظہار کرتے ہوئے ہفتے کے روز سرکاری و نجی سکول وکالج بند کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے نگران پنجاب حکومت کوڈپٹی کمشنر شیخو پورہ، گوجرانوالہ اور حافظ آباد کا تبادلہ کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا کہ ان افسروں کو توہین عدالت کے نوٹسز بھی جاری کر رہا ہوں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کمشنر لاہور یہاں آ کر باتیں کرتے ہیں مگر کارکردگی کچھ نہیں ہے، کیا حکومت کے پاس سموگ تدارک کیلئے صرف یہی حل ہے کہ پورے پنجاب میں چھٹیاں کر دیں۔ حالات خراب ہو رہے ہیں مختلف علاقوں سے ویڈیوز آ رہی ہیں، عدالت نے حکم دیا کہ ہفتے کے روز تمام سرکاری و پرائیوٹ سکولز اور کالجز بند کریں، عدالت نے مزید ہدایت کی کہ ہفتے میں دو روز ورک فرام ہوم کی پالیسی پر عمل کرائیں۔ لاہور کے دل میں ٹائر جلا کر برا حال کیا گیا ہے۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے آپ نے چھٹی دی تو اب خود چھٹی پر چلیں جائیں۔ گھروں میں بیٹھ کر انجوائے کریں، وکیل نے عدالت کو اّگاہ کیا کہ پانچ تھانوں کی حدود سے لاکھوں ٹن ٹائر برآمد ہوئے ہیں، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ چیف سیکرٹری نے کیا کرنا ہے وہ خود سوئے ہیں، سب سے زیادہ سموگ گاڑیوں کے دھوئیں سے آتی ہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ سائیکلنگ اور پبلک ٹرانسپورٹ کو فروغ دیں، اگر پانچ منٹ میں ٹریفک بند ہو تو پورے شہر میں نظام درم برہم ہوجاتا ہے۔ وکیل نے کہا کہ ہم نے صرف 70 روز میں انڈرس پاس تعمیر کرایا ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اس پر آپکو ستارہ امتیاز ملنا چاہیے، اس تعمیر کے بعد جو سموگ آئے گی وہ پوری سردیاں ہم بھگتیں گے آپ تو انڈر پاس بنانے میں ماہر ہوگئے ہیں لیکن باقی چیزوں کو بھی دیکھیں۔ عدالت نے ہدایت کی کہ چیف سیکرٹری پنجاب کے ساتھ ممبر جوڈیشل واٹر کمشن کی میٹنگ کرائی جائے۔ مزید سماعت 15 نومبر کو ہو گی۔
سموگ تدارک، ڈی جی ماحولیات، 3 اضلاع کے ڈی سی تبدیل کرنے کا حکم
Nov 14, 2023