اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک فضائیہ کا دستہ دبئی ایئر شو 2023 میں بھرپور شرکت کر رہا ہے جس میں اس کے جدید جے ایف-17 تھنڈر بلاک 3 لڑاکا طیارے اور اعلی خصوصیات کے حامل سپر مشاق طیارے حصہ لے رہے ہیں۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق یہ میگا ایونٹ 13 تا 17 نومبر 2023 تک جاری رہے گا جس کے دوران پاک فضائیہ کا جے ایف-17 تھنڈر بلاک 3 طیارہ پہلی دفعہ بین الاقوامی ایئر شو میں نمائش کے لیئے پیش کیا جائے گا، جو پاک فضائیہ کی جانب سے جدت کے حصول اور ہوابازی کی صنعت میں بہترین کارکردگی کے عزم کا عکاس ہے۔ یہ تاریخی لمحہ پاک فضائیہ کی جانب سے ایوی ایشن کے میدان میں ایک اہم سنگ میل اور ہوابازی کے حوالے سے عالمی سطح پر اس کی جدید ترین صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ دبئی ائر شو کے دوران پہلے دن اربوں ڈالر کے معاہدے ہو گئے۔ حکومت دبئی نے 30 بوئنگ طیاروں کا نیا آرڈر دے دیا۔ نئے 30 بوئنگ طیاروں کی مالیت 11 ارب ڈالر ہے، حکومت دبئی اور بولنگ ایوی ایشن کے درمیان معاہدہ ہو گیا، حکومت دبئی نے طیارے اپنی بجٹ ائر لائن کیلئے بک کرائے ہیں۔ دبئی کی بجٹ ائر لائن کے پاس 80 بوئنگ جہاز ہیں۔
دبئی ایئرشو میں پاک فضائیہ کی بھرپور شرکت، پہلی مرتبہ جے ایف تھنڈر کی عالمی نمائش
Nov 14, 2023