ڈیرہ اسماعیل خان + اسلام آباد (نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار خصوصی) ضم شدہ قبائلی علاقہ تحصیل درازندہ کے گاﺅں کوٹ پالک میں دہشتگردوں کا آئل اینڈ گیس کمپنی کے قافلے پر حملہ، ایک شہید، ایف سی اہلکار و نجی کمپنی کے ملازمین سمیت11 افراد زخمی ہوگئے۔ ضم شدہ قبائلی علاقہ تحصیل درازندہ کے گاﺅں کوٹ پالک میں آئل اینڈ گیس کمپنی کے ملازمین و ایف سی اہلکار پانی بھرنے گاڑیوں میں جا رہے تھے کہ دہشتگردوں نے ان پر اچانک حملہ کر دیا۔ حملے کے نتیجے میں کمپنی کا پرائیویٹ ڈرائیور فیصل موقع پر شہید ہو گیا جبکہ قافلے میں شامل گل شاہ، عبدالقیوم، سید احمد، غریب، عباس، سلمان، سپروائزر کمپنی آصف کامران، ناہید، عرب نور، سہار دین شیرانی، ایف سی اہلکار شہنشاہ زخمی ہوگئے۔ ریسکیو1122کے میڈیا کوآرڈینیٹر اعزاز محمود کی جاری رپورٹ کے مطابق واقعہ کی اطلاع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122 اویس بابر کی ہدایت پر ریسکیو1122کی ایمبولنسز فوراً موقع پر پہنچ گئیں اور جاں بحق و زخمیوں کو فوری طور پر ٹائپ ڈی ہسپتال درازندہ منتقل کر دیا، جہاں 2 زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈیرہ منتقل کر دیا گیا۔ واقعہ کے بعد پولیس اور سکیورٹی اداروں نے علاقہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے جبکہ سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے ایک دہشت گرد ہلاک ہوا۔ شہید ہونے والوں میں سپاہی عبداﷲ اور سپاہی محمد سہیل شامل ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کا م¶ثر انداز میں پتا لگایا۔ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ علاقے میں دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ فائرنگ کا تبادلہ 12 اور 13 نومبر کی رات کو ہوا۔