اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے ٹیکس نظام میں بہتری کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال نا گزیر ہے ، سمگلنگ کے کنٹرول کے لئے اہم اقدامات اٹھائے لیکن اس حوالے سے مزید تندہی سے کام کرنا ہو گا،ایف بی آر کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے اور اس حوالے سے ایک جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے جس میں تمام متعلقہ اداروں کی تجاویز بھی شامل کی جائیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اعظم کوٹیکس نیٹ وسیع کرنے اور ٹیکس سسٹم کو ڈیجیٹلائز کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ایف بی آر کی ری سٹرکچر نگ کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا محصولات کی وصولی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر، مشیر وزیر اعظم احد چیمہ، چیئرمین ایف بی آر، وفاقی سیکرٹری خزانہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ مزید براںوزیراعظم انوار الحق کاکڑ سابق نگران وزیر اعلی خیبرپی کے اعظم خان کی وفات پر تعزیت کے لئے چارسدہ کے گاں پڑانگ گئے جہاں انہوں نے مرحوم وزیر اعلی کے صاحبزادوں بہرام اعظم خان اور سکندر اعظم خان اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔ وزیراعظم نے مرحوم کے لئے دعائے مغفرت اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعظم نے کہا مرحوم انتہائی قابل افسر تھے اور نگران صوبائی حکومت میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔وزیراعظم نے دعا کی اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند فرمائے۔