لاہور(سپورٹس رپورٹر)پانچواں چیئرمین واپڈا گولف ٹورنامنٹ آج سے رائل پام گولف اینڈ کنٹری کلب لاہور میں شروع ہو رہا ہے۔ ٹورنامنٹ کا انعقاد واپڈا سپورٹس بورڈ کی جانب سے کیا گیا ہے۔ چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ)ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔5 روز تک جاری رہنے والے اِس ٹورنامنٹ میں پاکستان گولف فیڈریشن سے منسلک کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ فارمیٹ کے مطابق مقابلے 5مختلف کیٹیگری میں ہوں گے جن میں امیچورز، سینئر امیچورز، خواتین، ویٹرنز اور انوی ٹیشنل شامل ہیں۔ چیئرمین واپڈا گولف ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد پاکستان گولف فیڈریشن سمیت اس کھیل کے فروغ کیلئے کام کرنے والے دیگر سپورٹس گروپس سے وا پڈا کے مضبوط روابط استوار کرنا ہے۔ اِس ٹورنامنٹ کے ذریعے گولف کے شعبے میں موجود نئے ٹیلنٹ کو متعارف کروانے میں بھی مدد ملے گی۔واپڈا گزشتہ 5 دہائیوں سے پاکستان میں کھیلوں کی ترقی کیلئے بنیادی کردار ادا کررہا ہے۔