لاہور (سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کا پوسٹ مارٹم اس ہفتے کیا جائے گا۔اس بارے میں ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں اس ہفتے اہم مشاورت کا آغاز ہو گا جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف سابق کپتانوں اور سابق کرکٹرز سے ملاقاتیں کریں گے۔ورلڈ کپ کے دوران بھی چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی سابق کرکٹرز سے ملاقاتیں کر چکے ہیں مگر ذرائع کا بتانا ہے کہ ملاقاتوں اور مشاورت میں اب تیزی آنے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق سے فیڈ بیک لیا جائے گا اور عمر گل، اظہر علی، سعید اجمل، مشتاق احمد، عاقب جاوید، محسن حسن خان سے مشاورت ہوگی جبکہ سابق کپتان محمد حفیظ سے ایک بار پھر بورڈ رابطہ کرنے کا خواہشمند ہے۔ذرائع کے مطابق سابق کپتان معین خان سے بھی مشاورت کی جائے گی اور شاہد ا?فریدی سے چیئرمین ذکا اشرف دوسری مرتبہ ملیں گے۔اس ہونے والی ملاقات کے بارے میں ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین کوچنگ اسٹاف میں تبدیلیوں کے حوالے سے مشاورت کریں گے اور کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں پر قانونی مشاورت ہو گی جبکہ ریڈ بال اور وائٹ کے لیے الگ الگ کپتان بھی مشاورتی ایجنڈے میں شامل ہوں گے۔
پی سی بی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کا پوسٹ مارٹم کرے گا
Nov 14, 2023