نئی دہلی لاہور (این این آئی) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں دیوالی کے بعد فضائی آلودگی میں اضافہ ہوگیا۔ بھارتی خبر ایجنسی کے مطابق نئی دہلی کے کئی علاقوں میں ہوا کے معیار کا انڈیکس سنگین زمرے میں پہنچ گیا۔ نئی دہلی میں پیر کو ائیرکوالٹی انڈیکس420 ریکارڈ کیاگیا۔اس کے علاوہ پاکستان کا شہر لاہور فضائی آلودگی کے لحاظ سے دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر رہا۔ لاہور کا ائیرکوالٹی انڈیکس333 ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ عراقی شہر بغداد فضائی آلودگی میں تیسرے نمبر پر ہے جس کا ائیر کوالٹی انڈیکس پیر کے روز 211 رہا۔ دنیا بھر میں آلودگی میں کراچی چوتھے نمبر پر ہے جس کا ائیرکوالٹی انڈیکس197 ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب سموگ کے باعث پنجاب کے 8 اضلاع میں بند تعلیمی ادارے 4روز کی چھٹیوں کے بعد کھل گئے۔ صبح سویرے سکولوں اور کالجوں کے طالبعلموں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ سکول کھلتے ہی لاہور شہر میں سموگ نے پھر سے ڈیرے جمانا شروع کر دیئے ہیں۔
نئی دہلی میں فضائی آلودگی سنگین، دنیا کا آلودہ ترین شہر، لاہور کا دوسرا نمبر
Nov 14, 2023