اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاکستان اور چینی بحریہ کے مابین دو طرفہ مشق سی گارڈین 2023 کے حوالے سے کراچی میں پریس کانفرنس کا اانعقاد کیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے کموڈور عاصم سہیل ملک اور چینی بحریہ کے سینئر کیپٹن چی جیان نے حاضرین کو مشق کے مقاصد اورتفصیلات سے آگاہ کیا۔کموڈور عاصم سہیل ملک نے کہا پاکستان اور چین کے درمیان ہمیشہ مضبوط اسٹریٹجک تعلقات رہے ہیں۔ اس مشق سے ہماری دہائیوں پرانی دوستی کو مزید تقویت ملے گی اور مستقبل میں خطے کے مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تعاون اور ہم آہنگی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چینی بحریہ کے سینئر کیپٹن چی جیان نے کہا یہ مشق دونوں ممالک کے مابین اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مضبوط بنائے گی۔ اس مشق کا مقصد دفاعی اور پیشہ وارانہ تعاون کو بڑھانا، مشترکہ مشقوں کے لیے باقاعدہ طریقہ کار کے قیام میں سہولت فراہم کرنا، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دفاع کے لیے دونوں ممالک کے عزم کا اظہار اور نئے دور میں پاک چین کمیونٹی کا مشترکہ مستقبل تعمیر کرنا ہے۔