لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان کے تمام مذاہب و مسالک کے قائدین نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر غزہ پر اسرائیل کی جارحیت اور بربریت کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرے اور فلسطینیوں پر اسرائیل کی طرف سے مسلط کردہ جنگ کو بند کروایا جائے۔ لاہور کیتھڈرل چرچ میں مختلف مکاتب فکر کے علماءو مشائخ اور مختلف مذاہب کے قائدین نے چیئرمین پاکستان علماءکونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور آرچ بشپ ڈاکٹر سبسٹین فرانسس شاءکے ہمراہ یکجہتی فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے وہ کسی مذہب کے ماننے والوں کے خلاف نہیں بلکہ انسانیت کے خلاف ہو رہا ہے اور انسانیت کے خلاف غزہ کی موجودہ صورتحال پر عالمی برادری کو فوری طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ چیئرمین پاکستان علماءکونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف سعودی عرب اور امت مسلمہ اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔ عالمی برادری کو اسرائیلی فسطائیت ختم کروانے کےلئے آگے بڑھنا ہوگا۔ دنیا کو اسرائیل پر یہ ظلم ختم کرنے کےلئے دباﺅ بڑھانا ہوگا، تقریب سے خطاب میں بشپ سبسٹین فرانسس نے کہاکہ غزہ میں معصوم بچوں عورتوں اور گرجا گھروں کا نشانہ بنایا گیا۔ سید کاظم رضا نقوی کا کہنا تھاکہ اسلامی دنیا کو اپیلوں سے بڑھ کر اقدامات کرنا ہوں گے۔ معصوم بچوں اور چرچز پر حملہ کیا جو غیر انسانی و جنگی اصولوں کے خلاف ہے۔ مولانا عاصم مخدوم سمیت دیگر مقررین نے غزہ تنازعہ کے پر امن حل کےلئے فوری جنگ بندی کو ناگزیر قرار دیا۔
غزہ جنگ انسانیت کے خلاف‘ طاہر اشرفی‘ معصوم بچوں کو نشانہ بنایا گیا: بشپ فرانسس
Nov 14, 2023