لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے جاری تنازعہ کے چلتے ایک اہم بیان جاری کر دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا کہ کرکٹ ایک نازک دوراہے پر ہے، شاید 1970 کی دہائی کے بعد سے اب بڑے چیلنج کا سامنا کر رہی ہے۔ اس وقت اختلافات کو بھلا کر کھیل کو متحد کرنے کا موقع ہے۔ اگر تاریخ نے دو ممالک کو الگ کیا ہو اور وہ اولمپک سپرٹ میں اکٹھے ہو سکتے ہیں تو ایسا کرکٹ چیمپئنز ٹرافی میں کیوں نہیں ہو سکتا ؟ کھیل کے نگران کے طور پر ہم پر فرض ہے کہ اپنی انا کو قابو میں رکھیں، کرکٹ کی ترقی اور سپرٹ پر فوکس کرنا چاہیے۔ وہ پاکستان میں ہر ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی میں دیکھنے کیلئے پر اْمید ہیں، ساری ٹیمیں ہماری گرم جوشی اور مہمان نوازی کا تجربہ کریں گی اور میدان سے باہر کی ناقابل فراموش یادیں اپنے ساتھ لے کر جائیں گے۔