لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی پلیئر رینکنگ جاری کر دی جس کے تحت بیٹنگ کے بعد باؤلنگ کے شعبے میں بھی پاکستانی کھلاڑی نے قبضہ جمالیا ہے۔قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی 3 درجہ ترقی کے بعد پہلے نمبر پر آگئے ہیں، آسٹریلیا کے خلاف 3 میچوں میں 10 وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی سیریز بننے والے حارث رؤف 14 درجے ترقی کے بعد 13ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ون ڈے باؤلرز کی فہرست میں افغانستان کے راشد خان دوسرے، جنوبی افریقہ کے کاگیسو ربادا تیسرے، بھارت کے کلدیب یادو چوتھے، نمیبیا کے برنارڈ شولٹز پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم دسمبر 2023 سے ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان ہیں فخرزمان 2 درجہ تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہوگئے ہیں، وہ 11ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔