سکھ یاتریوں کے اعزاز میں تقریب، بھارت کو چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان آنا چاہئے: گورنر پنجاب 

Nov 14, 2024

لاہور (کامرس رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر زآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام امریکہ اور کینیڈا سے آئے سکھ یاتریوں کے اعزاز میں گورنر ہاؤس لاہور خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے ایف پی سی سی آئی کی قائمقام صدر قرۃالعین، صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑام اور پاکستان کینیڈا ٹریڈ ایسوسی ایشن کی صدر بشریٰ رحمن نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر و ریجنل چیئرمین ذکی اعجاز، نائب صدر زین افتخار نے بھی شرکت کی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بھارت کو پاکستان میں ہونی والی چیمپئنز ٹرافی میں آنا چاہئے کیونکہ کھیلوں کے ذریعے ہی امن آتا ہے۔ اگر چیمپئنز ٹرافی میں نہیں آئے گا تو دنیا میں اچھا امیج نہیں جائے گا۔ بھارت نے جب بھی بلایا پاکستان کرکٹ ٹیم نے ہمیشہ وہاں جا کر کھیلا۔ پاکستان نے کھیلوں کے حوالے سے ہمیشہ قربانی دی ہے۔ ہم نے کبھی اپنی ٹیم کو بھارت جانے نہیں روکا۔ میں انڈیا کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ کھیل کھیل ہی ہوتے ہیں انہیں سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہئے۔ ایف پی سی سی آئی کی قائمقام صدر قرۃ العین نے کہا پاکستان ہمیشہ سے محبت، اخوت اور مہمان نوازی کے جذبے سے سرشار ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ہر مذہب کا احترام اور ہر شخص کو اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کی آزادی ملنی چاہیے۔

مزیدخبریں