غزہ، بیروت، واشنگٹن (آئی این پی+ این این آئی) اسرائیلی فورسز کے غزہ کے بے گھر فلسطینیوں پر خونریز حملے جاری ہیں۔ مسجد پر بھی بمباری کی گئی۔ 27 فلسطینی شہید متعدد زخمی ہوگئے۔ جبکہ لبنانی صوبے مائونٹ میں اسرائیل کے بڑے فضائی حملے میں 7 بچوں سمیت 23 شہری لقمہ اجل بن گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دیر البلاح میں مسجد پر فضائی حملے میں 6 فلسطینی شہید ہوگئے۔ خان یونس کے المواسی علاقے میں اسرائیلی بمباری سے 11 فلسطینی شہید ہوئے اور 12 افراد زخمی بھی ہوئے۔ شہداء کی مجموعی تعداد 43 ہزار 679 ہوگئی۔ 1 لاکھ 3 ہزار 205 افراد زخمی ہو چکے۔ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے متعدد نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ مشغر اور سہمر میں بمباری سے 4 افراد شہید جبکہ 7 زخمی ہوئے۔ لبنان کی وزارت صحت کے مطابق شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ لبنان میں شہداء کی تعداد 3 ہزار 186 ہوگئی۔ ادھر اسرائیلی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے گڑھ بیت داحیہ کو خالی کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ وادی بقاع اور عین یعقوب پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ دریں اثناء عالمی تنظیموں نے اسرائیل کو غزہ میں انسانی صورتحال بہتر بنانے میں ناکام قرار دیدیا۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران کی تیل کی تنصیبات پر حملے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے حملے کی صورت میں اسرائیل ایران کی تیل کی تنصیبات پر حملے کرسکتا ہے۔ ادھر ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویرانت پٹیل نے دعویٰ کیا غزہ میں امداد کی فراہمی سے متعلق اسرائیل نے خلاف ورزی نہیں کی۔ سلامتی کونسل اجلاس سے خطاب کرتے امریکی سفیر تھامس گرین فیلڈ نے اسرائیل کو خبردار کیا غزہ میں انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کرے۔ اسرائیل فلسطینیوں کو گھروں سے زبردستی انخلاء پر مجبور نہ کرے۔ ایسے اقدامات سے گریز کرے جس کے باعث شہری خوراک‘ امداد سے محروم رہیں اور بھوک سے ان کی موت واقع ہو جائے۔ اسرائیل نے ایسا کیا تو اس کے امریکی اور عالمی قانون کے تحت سنگین نتائج ہوں گے۔
27 فلسطینی، لبنان میں 23 افراد شہید: اسرائیل غزہ بحران سے نمٹنے کے اقدامات کرے، امریکہ
Nov 14, 2024