گجرات (نامہ نگار)سہہ فریقی لیبر کانفرنس میں وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانی و افرادی قوت چوہدری سالک حسین نے اختتامی تقریب میں شرکت کی اس موقع پر آل پاکستان فیڈریشن آف یونائیٹڈ ٹریڈ یونینز(APFUTU)کے جنرل سیکرٹری ضیاء سید، آئل اینڈ گیس ایمپلائز یونین کے عنصر وڑائچ، انڈسٹریل ورکرز یونین کی ثمینہ اشرف کامریڈ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے ضیاء سید کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 15 سال کے بعد انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن( آئی ایل او)کے ساتھ مل کر دو روزہ سہہ فریقی لیبر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جس میں لیبر ویلفئیر کے کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ ہم سب کو مل کر لیبر کے حقوق کے لیے کام کرنے کی اشد ضرورت ہے، ہماری کوشش ہو گی کہ ہر سال سہہ فریقی لیبر کانفرنس کا انعقاد کیا جائے تا لیبر کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے اداروں کی کارکردگی بہتر بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہنر مند افراد کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ہے اور حکومت نے سعودی عرب کی 20 کمپنیوں کو آئندہ سال ہنر مند افراد کی فراہمی کے لیے معاہدے کیے ہیں۔ جبکہ سعودی عرب اور دوبئی ہے سیروسیاحت کے ویزا پر آ کر مختلف روزگار سے وابستہ ہونے کی کوشش کرنے والے افراد کے لیے قوانین میں سختی کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ ملکی اور خاندانی معاملات کو مثبت انداز میں حل کیا جائے۔ مسلم لیگ ق نے ملکی اور عوامی مفاد کو سامنے رکھ کر بہتر فیصلے کیے ہیں۔
سعودی عرب کی 20 کمپنیوں کو ہنر مند افراد کی فراہمی کیلئے معاہدے کیے ہیں: چوہدری سالک
Nov 14, 2024