لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے اسلام آباد میں فلسطینی سفارت خانہ میں فلسطین کے سفیر جناب ڈاکٹر ظہیر زید سے ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان میں تعیناتی پر نئے فلسطینی سفیر کو خوش آمدید کہا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا آزادی فلسطین کی جد و جہد میں ہم فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا فلسطین کے حوالے سے ہماری وہی پالیسی ہے جو قائد اعظم محمد علی جناح کی پالیسی تھی اور جس کا اعلان مسلمانان ہند نے 1940ء میں قرارداد پاکستان پیش کرتے وقت کیا تھا۔بیت المقدس کی آزادی ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا ہر کارکن القدس کی آزادی کا نقیب ہے اور مسئلہ فلسطین پر پوری پاکستانی قوم متحد اور یک آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن غزہ کے عوام کی امداد کے لیے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گی اور اس میں ہم مزید تیزی لائیں گے۔ فلسطینی سفیر نے پاکستان کے عوام اور جماعت اسلامی پاکستان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا فلسطینی پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور پاکستان کی حمایت فلسطینیوں کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔