اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود کی عدالت نے دفعہ144 ، ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی پر درج مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی، سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، اسد قیصر، سیف اللہ نیازی اور دیگر کو بری کرنے کا حکم سنادیا۔ گذشتہ روز تھانہ آبپارہ میں درج مقدمہ کی سماعت کے دوران شیخ رشید احمد، صداقت عباسی اور دیگر اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔ وکیل صفائی سردار مصروف نے کہاکہ اس کیس میں دو شریک ملزمان اسد عمر اور ڈاکٹر شہزاد وسیم بری ہو چکے ہیں، سب ملزمان کا ایک ہی رول ہے، شیخ رشید کو بھی بری کیا جائے۔ اسد قیصر کی وکیل عائشہ خالد بھی عدالت پیش ہوگئیں اور اسد قیصرکی حاضری سے استثنی درخواست دائر کرتے ہوئے بریت کی درخواست پر دلائل دیے، دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ ملزمان کے خلاف بیس اگست 2022 کو تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ دوسری طرف اسلام آباد انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں عظمی خان اور علیمہ خان کی اشیاء واپسی کے لیے دائر سپرداری درخواست میں پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔