ائیر چیف سے مراکشی میجر جنرل کی ملاقات، فوجی تعاون، مشترکہ تربیت پر تبادلہ خیال

Nov 14, 2024

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) مراکش کی رائل ائیر فورس کے انسپکٹر میجر جنرل محمد گادیح نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں فوجی تعاون، مشترکہ تربیت اور صنعتی شعبے میں تعاون سے متعلق وسیع تر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے میجر جنرل محمد گدیح کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ نے انسپکٹر رائل مراکشی فضائیہ کو ان کے پہلے دورہ پاکستان پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ائیر چیف نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے مابین دیرینہ تاریخی تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کو فضائیہ کے تمام شعبوں میں مشترکہ تربیتی اقدامات میں مکمل تعاون کے ذریعے فوجی شراکت داری کو مضبوط بنانا چاہئے۔ سربراہ پاک فضائیہ نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا جس میں مراکش کی فضائیہ کے لیے بنیادی اور حکمت عملی کی سطح کی تربیت شامل ہو گی۔ دونوں معززین نے باہمی تربیتی پروگراموں، مشترکہ فوجی مشقوں اور صنعتی تعاون پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے موجودہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی گہری خواہش کا اظہار کیا۔ میجر جنرل محمد گدیح نے نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے دورے کے دوران دیکھے گئے جدید ترین تکنیکی نظام کی تعریف کی۔

مزیدخبریں