کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمشن آف پاکستان میں اکتوبر 2024ء کے دوران مختلف شعبوں کی 2,477 نئی کمپنیوں نے رجسٹریشن کی۔ جس کے نتیجے میں ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2لاکھ 33ہزار 587 ہوگئی جو پاکستان کے کارپوریٹ سیکٹر میں بڑھتے ہوئے اعتماد اور اس کی مسلسل توسیع کی عکاسی کرتی ہے۔ ایس ای سی پی کی ڈیجیٹلائزیشن کی مہم کامیابی سے جاری ہے جس کے آن لائن سسٹم کے ذریعے 99فیصد نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کی گئی۔ رجسٹرڈ ہونے والی نئی کمپنیوں میں 57فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں ہیں جبکہ 47فیصد سنگل ممبر کمپنیاں اور 2فیصد بشمول پبلک، غیر منافع بخش تنظیمیں، تجارتی تنظیمیں شامل ہیں۔ 48 نئی کمپنیوں نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے سرمایہ لیا۔ ان سرمایہ کاروں کا تعلق افغانستان، چین، فرانس، جرمنی، ملائیشیا، عمان اور ترکی سمیت مختلف ممالک سے ہے۔