ٹرمپ کا دورہ وائٹ ہاؤس، جوبائیڈن نے خیر مقدم کیا، ملاقات میں اقتدار منتقلی پر تبادلہ خیال 

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز کے میزبان، مصنف اور سابق فوجی پیٹ ہیگستھ کو وزیر دفاع نامزد کر دیا۔ 5 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ اپنی ٹیم کی تشکیل میں مصروف ہیں اور انہوں نے مختلف عہدوں کے لیے افراد کا چناؤ شروع کر دیا ہے۔ دوسری جانب ٹرمپ  نے رئیل اسٹیٹ ٹائیکون سٹیووٹکوف کو مشرق وسطیٰ کیلئے خصوصی ایلچی جبکہ مغربی کنارے کے وجود سے انکاری اور حماس سے جنگ بندی کے مخالف اسرائیل نواز سابق گورنر مائیک ہکابی جان کو اسرائیل کیلئے امریکی سفیر نامزد کیا ہے۔ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سربراہ کے لیے جان ریٹکلیف کو نامزد کیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی صدارتی مہم میں اہم کردار ادا کرنے والے دنیا کے سب سے امیر ترین شخص ایلون مسک کو بھی اہم ذمہ داری سونپ دی ہے۔ نو منتخب امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ ایلون مسک اور سابق ری پبلکن صدارتی امیدوار ویوک رام سوامی ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفی شنسی (DOGE) کی سربراہی کریں گے۔ نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو امریکا کے 47 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلی بار وائٹ ہاؤس میں اپنے دیرینہ سیاسی حریف صدر جوبائیڈن سے ملاقات کی اور اقتدار کی منتقلی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ بائیڈن نے ملاقات کے آغاز میں نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا وائٹ ہاؤس میں واپسی پر خیر مقدم کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔ امریکی صدر نے ٹرمپ سے وعدہ کیا کہ وہ اقتدار کی باآسانی منتقلی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ دریں اثناء نو منتخب امریکی صدر کیپٹل ہل میں ریپبلکن سینیٹرز سے بھی ملاقات کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن