چیمپئنز ٹرافی کے جنوبی افریقہ منتقل کرنے کا بھارتی شوشہ جھوٹا نکلا

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستانی کی جانب سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ہائبرڈ ماڈل سے انکار پر پورا ٹورنامنٹ جنوبی افریقہ منتقل کیے جانے کا بھارتی شوشہ جھوٹا نکلا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ ہائبرڈ ماڈل سے انکار پر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جنوبی افریقہ منتقل کردی جائیگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کو جنوبی افریقہ منتقل کرنے کے حوالے سے جنوبی افریقی بورڈ لاعلم ہے۔ تاحال چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے جنوبی افریقہ سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، قلیل وقت میں جنوبی افریقا بورڈ کے لیے چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے لیے کوئی آپشن موجود نہیں ہے جبکہ تاحال آئی سی سی نے بھی اس حوالے کوئی غور نہیں کیا۔ بھارتی میڈیا پاکستان کی میزبانی کو سبوتاژ کرنے کیلئے جنوبی افریقہ کے آپشن کو سامنے لے کر آیا، جنوبی افریقہ بورڈ کا چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد کم وقت میں کروانا ممکن نہیں۔ آئی سی سی میں تاحال جنوبی افریقہ کے آپشن پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔یاد رہے کہ 2009 کی چیمپئنز ٹرافی کا میزبان پاکستان تھا لیکن پھر بورڈ ممبرز نے سکیورٹی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ 2009 میں چیمپئنز ٹرافی کو جنوبی افریقہ منتقل کرنے کا معاملہ مختلف تھا۔موجودہ حالات میں تمام اہم بورڈ ممبرز کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں۔ انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ سمیت کسی ملک نے پاکستان آنے سے قبل کسی تحفظات یا خدشات کا اظہار نہیں کیا۔

ای پیپر دی نیشن