کوئٹہ‘ مردان‘ پشاور‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی + آئی این پی+ خبر نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی) ملاکنڈ کی تحصیل تھانہ بائیزئی پلئی کے علاقے شاہ کوٹ خوگ درا میں سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے تین دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بٹ خیلہ مالاکنڈ میں سی ٹی ڈی اور فورسز نے اطلاع ملنے پر مشترکہ کارروائی کی۔ دہشت گردوں میں کمانڈر عبداللہ، زکریا اور رضوان شامل ہیں۔ جبکہ مردان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اے ایس آئی جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ مردان کے علاقے تخت بائی میں پیش آیا جہاں اے ایس آئی نے ناکہ بندی کے دوران 2 موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ نامعلوم افراد کو رکنے کا اشارہ کرنے پر ان کی جانب سے فائرنگ کردی گئی۔ دوسری جانب بلوچستان میں نامعلوم مسلح افراد نے دکی میں 11 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع زیر تعمیر نیو ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے علاقے میں غڑواس کے مقام پر تعمیراتی کیمپ پر حملہ کیا۔ ایس ایچ او دکی ہمایوں خان ناصر کے مطابق مسلح افراد نے کمیپ میں موجود سامان کو آگ لگاکر نذر آتش کردیا۔ آگ لگانے سے جنریٹر اور دیگر سامان خاکستر ہوگیا ہے۔ حملے کے بعد کمیپ میں کام کرنے والے تین مزدور بھی لاپتہ ہیں۔ لاپتہ ہونے والے مزدوروں میں نصیب اللہ ولد جمعہ خان، نور محمد ولد سفر خان اور حکمت اللہ ولد عمر خان شامل ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں کارروائی کرتے ہوئے اہم کمانڈر سمیت چار دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 12/13 نومبر 2024 کی درمیانی رات سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع کیچ کے علاقے بالگتر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فوجیوں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ہائی ویلیو ٹارگٹ، دہشت گرد سرغنہ ثنا عرف بارو سمیت چار دہشت گرد مارے گئے۔ دہشتگرد سرغنہ ڈسٹرکٹ کیچ میں نام نہاد مجید بریگیڈ کے لیے دہشتگردوں خاص طور پر خودکش بمبار بھرتی کرنے پر مامور تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع کیچ میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر مملکت نے آپریشن میں ہائی ویلیو ٹارگٹ سمیت چار دہشت گرد جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردوں کو بلوچستان کی ترقی و خوشحالی اور امن و امان خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیچ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے کہا قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کا صفایا کریں گے۔سکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 12 اور 13 نومبرکو شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ایک خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن کیا، آپریشن کے دوران، سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ آپریشن کے نتیجے میں آٹھ خوارج ہلاک جبکہ چھ زخمی ہو گئے۔
فورسز کی کارروائیاں: شمالی وزیرستان 8، مالا کنڈ 3، کیچ میں بریگیڈ کیلئے خودکش بمبار بھرتی کرنیوالے ثنا عرف بارو سمیت 4 دہشتگرد ہلاک
Nov 14, 2024