جان دے دیں گے‘ کینال منصوبے پر عمل نہیں ہونے دیں گے: پی پی سندھ

Nov 14, 2024

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے وفاقی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ حکومت سندھ اور صوبے کے عوام ارسا ایکٹ میں ترمیم کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ کراچی میں پریس کانفرنس میں صدر پی پی پی سندھ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ صوبوں کے درمیان پانی کی تقسیم ایک حساس معاملہ ہے۔ ارسا ایکٹ کی ایک خطرناک شق کے ذریعے کہاگیا ہے کہ ہر صوبہ اپنے حصے کے پانی سے سٹوریج بناسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارسا کا قیام پانی کی منصفانہ تقسیم کے لیے عمل میں آیا تھا، وہ اپنے دائرہ کار سے باہر کام کس طرح کرسکتا ہے۔ 1991کے آبی معاہدے کے تحت117ملین ایکڑ فٹ پانی کی تقسیم کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جب پانی نہیں ہوگا تو کاشت نہیں ہوگی۔ جب ارسا ایکٹ میں ترمیم اسمبلی میں پیش نہیں ہوئی اس پر کس طرح عمل درآمد ہو سکتا ہے۔ صدر پی پی سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ نے نئی کینالز پر اعتراض اس لیے کیا ہے کہ جب دریا میں پانی نہیں تو کینال کیسے بنیں گی، اگر کینالز بنائی جاتی ہیں تو پھر دریائے سندھ کے پانی کی کٹوتی ہو گی۔ وفاقی حکومت کا کینال منصوبہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ پانی پر سندھ اپنی جان دے گا مگر اس منصوبے پر عمل درآمد نہیں ہونے دے گا کیونکہ اس منصوبے پر عمل درآمد سے سندھ خط غربت میں اور نیچے چلا جائے گا۔ سندھ میں بے روزگار اور پسماندگی بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی سندھ دشمن منصوبے پر خاموش نہیں رہیں گے۔ ہم وفاقی حکومت میں شامل نہیں، وقت آئیگا تو پیپلزپارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی اور حتمی فیصلہ کریں گے۔

مزیدخبریں