پنجاب اسمبلی: زرعی انکم ٹیکس بل پر کمیٹی نے دو ماہ کی بجائے 48 گھنٹے میں رپورٹ پیش کر دی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) زرعی انکم ٹیکس ترمیمی بل 2024ء کے حوالے سے متعلقہ قائمہ کمیٹی کی تیزیاں، زرعی انکم ٹیکس ترمیمی بل 2024ء دو ماہ کی بجائے 48گھنٹے میں ہی رپورٹ ایوان میں پیش کردی۔ آج جمعرات کو منظور کئے جانے کا امکان ہے۔ لندن میں قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملہ کے خلاف مذمتی قرارداد سمیت دو قراردادیں کثرت رائے سے منظور کر لی گئیں۔ ایوان میں کسان کارڈ پر رشوت وصول کرنے کا حکومتی رکن نے انکشاف کیا۔ اپوزیشن نے پنجاب میں سموک ایمرجنسی لگانے کا مطالبہ کردیا۔ اپوزیشن لیڈ احمد خان بھچر کی گرفتاری پر اپوزیشن نے ایوان سے بائیکاٹ کیا۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 2 گھنٹے 17 منٹ کی تاخیر سے سپیکر ملک محمد احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس میں میں کاظم علی پیرزادہ کے ماموں اور ریاض پیرزادہ کے بڑے بھائی سجاد حسین پیرزادہ اور سجاد وڑائچ کی چچی کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی گئی ۔ نقطہ اعتراض پر گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن رکن اعجاز شفیع کا کہنا تھا کہ پورا پنجاب سموگ کی لپیٹ میں ہے، سینئر وزیر صاحبہ ایوان میں آئیں جو تقریر کی اس کی وائنڈ اپ تقریر نہیں کی، ایوان کی کارروائی معطل کرکے آج صوبہ میں سموگ ایمرجنسی کا اعلان کریں، پورا پنجاب میں یونیسیف رپورٹ کے مطابق گیارہ ملین بچے سموگ کا شکار ہیں جس میں سے بارہ فیصد کی اموات ہو رہی ہیں، خواتین کے بچے پری میچور ہورہے ہیں، سانس لینا مشکل ہوگیا ہے، بیس بھٹے جو گرائے گئے ہیں وہ پہلے احتیاطی تدابیر کیوں اختیار نہ کی گئیں، سکول بند ہونے سے ایک کروڑ بچے کی تعلیم متاثر ہوگی، کاروبار متاثر ہو رہا ہے، ہمارا چیف سیکرٹری لندن ہماری سینئر وزیر لندن اور وزیر اعلیٰ لندن، تو کس سے بات کریں، حکومت والے تو گونگے بہرے بیٹھے ہیں۔ صوبائی پارلیمانی وزیر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ اپوزیشن سموگ کے معاملے پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کررہی ہے، سموگ نے جب 2017ء میں سر اٹھایا تو شہبازشریف نے اقدامات شروع کردیے، اس کے بعد چار سال آپ کی حکومت رہی تو کیا کیا؟۔ مریم نواز بیماری کا علاج کروا رہی ہیں تو لندن میں بھی عوام کا خیال ہے، سینئر وزیر روزانہ کی بنیاد پر زوم سے میٹنگ لے رہی ہیں۔ اپوزیشن رکن رانا آفتاب احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورے صوبے کے صحت کا مسئلہ ہے، ہسپتال بھر گئے ہیں، کیوں ہنگامی اقدامات نہیں کئے گئے۔ رکن علی حیدر گیلانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینئر وزیر کو بتایا کہ سموگ کا خاتمہ کریں، اگر لاک ڈاؤن زیادہ کریں، کراپ برننگ پر پرچہ درست اقدام ہے۔ اپوزیشن رکن رانا شہباز نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کا خیال کریں، تشدد کرکے چوکی میں بند کیاگیا، احمد خان بھچر کی گرفتاری کے خلاف اپوزیشن کے تمام لوگ ٹوکن واک آؤٹ کررہے ہیں، اپوزیشن نے ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا۔ رکن احسن رضا نے سابق چیف جسٹس ریٹائرڈ قاضی فائز عیسی کی گاڑی پر حملہ کے خلاف ایوان میں قرارداد پیش کردی، قرارداد کے متن میں کہا کہ یہ حملہ قاضی فائز عیسی پر نہیں پورے پاکستان پر کیا گیا ہے، قاضی فائز عیسی پر حملہ کی منصوبہ بندی کرکے ایک سیاسی جماعت نے انتشار پسندی کی، سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر قاضی فائز عیسی پر حملہ کی ایک ہفتہ سے کال دی جا رہی تھی، قاضی فائز عیسی کو مڈل ٹمپل میں جس اعزاز سے نوازا گیا، دنیا کے ایک بڑے ادارے نے قاضی فائز عیسی کو اعلی منصب پر فائز کیا۔ اس واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، حکومت برطانیہ سے بات کرکے ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے۔ سپیکر اسمبلی نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس کی کاپی وفاقی حکومت کو بھیجی جائے، حکومتی رکن رانا ارشد نے گفتگو میں کہا کہ قاضی فائز عیسی کیلئے جو اعزاز برطانیہ نے دیا وہ پاکستان کیلئے اعزاز ہے، کچھ شر پسند عناصر نے وہاں ان پر حملہ کرنے کی کوشش کی ان کو سزا ملنی چاہئے،  پارلیمانی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اجمل خان نے امجد علی جاوید کے سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت کے نزدیک جنسی حراسگی ناقابل برداشت ہے، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے سب کیمپس کے قیام کی منظوری 24فروری 2015ء کو ہوئی تھی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے سب کیمپس کے قیام کا موجودہ بجٹ تو نہیں اگلے بجٹ میں شامل کریں گے، خادم حسین کی سفارش پر قبرستان کی جگہ پر کالج بنا دیا گیا۔ پارلیمانی سیکرٹری نے جواب میں کہا کہ قبرستان کیلئے چوبیس کنال اور کالج کیلئے 56 کنال زمین رکھی گئی ہے، سپیکر نے ہدایت کی کہ ناجائز جگہ پر قابضین سے جگہ واگزار کروائی جائے۔ حکومتی رکن علی حیدر گیلانی نے پنجاب اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی ممتاز چانگ کی زندگی کو لاحق خطرات سے آگاہ کردیا۔ سپیکر اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اپنی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی قائم کرنے کا حکم دیدیا۔ علی حید گیلانی کا اس موقع پر کہنا تھا ممتاز چانگ کا قصور یہ ہے کہ کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آواز اٹھائی، کچے میں آباد چند ایس ایچ اوز نے پولیس سٹیٹ بنائی جب چاہیں لوگوں کو اٹھا لیتے ہیں، ان کی بہن اور رشتہ داروں کے گھر پولیس بھیج دیتے ہیں۔  امجد علی جاوید کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہم لوگ ہر نظام میں پیسے بنانے کا ذریعہ نکال لے لیتے ہیں، حکومت کی کسان کارڈ کی سکیم کا بیڑا غرق کیا جا رہا ہے، کسان کی کھاد خریداری پر کھاد کی بوری پر چار سو روپے سے چھ سو روپے سے زائد وصول کررہے ہیں، ڈیڑھ لاکھ روپے کے کارڈ پر پانچ ہزار روپے پنجاب بینک اور مافیا ڈیلرز وصول کررہے ہیں، حکومت فی الفور کسان کارڈ پر پیسوں کی خورد برد پر ایکشن لے اور نوٹس لے کر کسان کو بچایا جائے،جواب میں وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کسان کارڈ پر پنجاب بینک کی جانب سے پانچ ہزار روپے کی کٹوتی پر نوٹس لینے کا اعلان کردیا، پنجاب اسمبلی نے اقلیتوں کو کرسمس پر تحفہ دینے کیلئے تعداد بڑھانے کی قرارداد متفقہ طورپر منظور کر لی، حکومتی رکن راحیلہ خادم حسین نے اقلیتوں کو کرسمس پر تحفہ دینے کی تعداد بڑھانے کی قرارداد ایوان میں پیش کی، قرارداد کے متن میں مطالبہ کیا گیا کہ پنجاب میں مسیحیوں کی تعداد 28لاکھ ہے پنجاب حکومت ہر سال دس ہزار مستحق مسیحیوں کو بطور تحفہ چیک دیتی ہے، مسیحیوں کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے ان چیکوں کی تعداد کو بیس ہزار کیاجائے،سپیکر پنجاب اسمبلی نے پنجاب پولیس کی جانب سے صرف ایف آئی آر میں نام آنے پرپولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ میں ریکارڈ یافتہ شو کروانے پر نوٹس لیتے ہوئے رولنگ دی ہے کہ صرف الزام تراشی پر لوگوں کے نام پولیس ریکارڈ میں ڈال دئیے جاتے ہیں جس پر ان کو کریکٹر سرٹیفکیٹ جاری نہیں ہوتے، جس سے شہریوں کے بنیادی حقوق پامال ہو رہے ہیں، وہ پاسپورٹ نہیں بنوا سکتے، یونیورسٹیوں میں داخلہ اور بیرون ملک سفر نہیں کرسکتے، زرعی انکم ٹیکس ترمیمی بل 2024ء  کے حوالے سے قائمہ کمیٹی کے چیئرمین نور الامین وٹو نے کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کردی،سپیکر ملک محمد احمد خان نے زرعی انکم ٹیکس بل والے معاملہ کو جمعرات کے روز کیلئے مختص کردیا ہے، سپیکر نے اپوزیشن رکن رانا آفتاب احمد خان کے جواب میں کہا کہ ٹیکس نہیں لگنا چاہئے تو میرا دل بھی آپ کے ساتھ دھڑک رہا ہے، جو تحفظات ہیں اس پر کھل کر بات کریں گے۔ دریں اثناء سپیکر ملک محمد احمد خان نے پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی کے نو منتخب عہدیداروں اور سینئر صحافیوں سے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔ملاقات میں سپیکر ملک محمد احمد خان نے زراعت پر سپر ٹیکس لگانے کے معاملہ پر صحافیوں کو آگاہ کیاکہ پنجاب میں زرعی ٹیکس کے نفاذ کے معاملے پر ارکان اسمبلی کو لازمی طور پر اپنی رائے دینی چاہئے۔رکن اسمبلی شعیب صدیقی کی بڑے شہروں میں پارکنگ مسائل کو زیر بحث لانے کیلئے تحریک التوا کار ایوان میں پیش کر دی، جس پر سپیکر نے متعلقہ محکمہ سے جواب مانگ لیا۔ وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمن نے سرکاری کارروائی کے دوران سات آڈٹ رپورٹس ایوان میں پیش کر دیں۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس جمعرات کی سہ پہر دو بجے تک ملتوی کر دیا۔

ای پیپر دی نیشن