اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بین الاقوامی شراکت داروں کی مدد سے صحت کے نظام کو بہتر بنا سکتے ہیں۔صدر آصف زرداری نے ذیابیطس کے عالمی دن پر قوم کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ذیابیطس کا عالمی دن ہر سال لوگوں میں اس بیماری کے خطرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے منایا جاتا ہے. ذیابیطس کے بڑھتے کیسز کی بڑی وجہ غیر فعال طرز زندگی، غیر متوازن خوراک اور بیماری کے بارے میں آگاہی کا فقدان ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت مند طرز زندگی، باقاعدہ ورزش، متوازن خوراک، مناسب وزن برقرار رکھنے سے ذیابیطس پر قابو پانا اور بچاؤ ممکن ہے. ذیابیطس کی روک تھام، بروقت علاج کی اہمیت بارے آگاہی بڑھانے کی ضرورت ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ میڈیا، سول سوسائٹی تنظیموں اور نجی شعبے کے تعاون سے آگاہی پیدا کر سکتے ہیں. شہریوں کو ذیابیطس کی سستی اور مؤثر دیکھ بھال کی سہولیات کی فراہمی کیلئے پاکستان کا صحت کا نظام مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔انکا کہنا تھا کہ قومی اور بین الاقوامی شراکت داروں کی مدد سے اپنے صحت کے نظام کو بہتر بنا سکتے ہیں. ذیابیطس کی روک تھام کے اقدامات، مریضوں کے لیے کم خرچ علاج کی فراہمی ممکن بنا سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ آج ہم شعور پیدا کرکے ذیابیطس سے بچاؤ، علاج میں سرمایہ کاری کرکے اس چیلنج سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ذیابیطس جیسے خاموش قاتل کے بوجھ کو کم کر کے لاکھوں پاکستانیوں کی زندگیوں کو بہتر بنا سکتے ہیں۔