پاکستان اور اسپین کے مابین کثیر الجہتی تعاون انتہائی اہم ہے:چیئرمین سینیٹ 

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور اسپین کے مابین کثیر الجہتی تعاون انتہائی اہم ہے۔اسپین کی سینیٹ کے پارلیمانی وفد کی پارلیمنٹ ہاﺅس آمد ہوئی۔اسپین کی سینیٹ کی پارلیمانی وفد نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی۔وفد چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی خصوصی دعوت پر پاکستان کے 5 روزہ دورے پر ہے۔چیئرمین سینیٹ نے وفد کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں خوش آمدید کہا۔اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اسپین کے پارلیمانی وفد کا دورہ پاکستان اور سپین کے بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے. پاکستان اور اسپین کے دوطرفہ تعلقات کی بنیاد باہمی احترام، مشترکہ اقدار کے جذبات پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ سال 2010 میں بطور وزیراعظم اسپین کا دورہ کیا تھا. اسپین اور یورپی یونین کے اعلیٰ حکام سے پاکستان کی ٹیکسٹائل کی صنعت کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا تھا، ڈبلیو ٹی او کے ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ بین الا قوامی منڈیوں تک رسائی کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی تھی. بین الپارلیمانی تعلقات دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اسپین کی سینیٹ کی جانب سے پارلیمانی سفارتکاری کے تحت روابط کو فروغ دینے کے جذبے کی قدر کرتے ہیں. چیئرمین سینیٹ نے اسپین اور پاکستان کے جمہوری طرز حکمرانی اور پارلیمانی خود مختاری کے مشترکہ عزم کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے سے ادارہ جاتی تعاون کو مزید تقویت ملے گی. ٹیکسٹائل زرعی اشیاءاور دیگر سیکٹرز میں تجارتی تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، ثقافتی اور تعلیمی شعبوں میں تعاون عوامی سطح پر روابط کو فروغ دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپین میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے درمیاں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔انسداد دہشتگردی انسانی حقوق عالمی امن اور موسمیاتی تبدیلی بھی ملاقات میں زیر غور آئی۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے مسائل پر قابو پانے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانا ہوگا، زراعت سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان اور اسپین ٹیکنالوجی سے استعفادہ ہونے کے لئے معاونت بڑھا سکتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور اسپین کے مابین کثیر الجہتی تعاون انتہائی اہم ہے.بین الا قوامی فورمز پر بھی دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کے لئے پُرعزم ہیں۔

ای پیپر دی نیشن