اسلام آباد (جاوید صدیق) رائے دہندگان کی فہرستوں کی تیاری میں کسی بھی ملک کی امداد قبول نہیں کی جائے گی۔ کئی ممالک نے انتخابی فہرستوں کی تیاری کے لئے امداد کی پیشکش کی تھی جسے مسترد کردیا گیا کیونکہ پاکستانی رائے دہندگان کے بارے میں معلومات کسی دوسرے ملک سے شیئر نہیں کی جاسکتیں۔الیکشن کمشن کے معتبر ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا ہے کہ رائے دہندگان کی فہرستیں حکومت کی مالی امداد سے تیار کی جارہی ہیں۔ کمشن نے نو کروڑ ووٹروں کو رجسٹر کرنے کی مہم شروع کی ہے امید ہے کہ انتخابات تک 90 فیصد ووٹر رجسٹر ہوجائیں گے۔ اگلے ہفتے سے آگاہی مہم چلائی جارہی ہے۔ بھارت میں 32 فیصد ووٹ رجسٹر تھے لیکن ووٹر آگاہی مہم کے ذریعے بھارت میں اب 82فیصد ووٹر رجسٹر ہوچکے ہیں پاکستان کی کوشش ہے کہ 90 فیصد تک ووٹر رجسٹر ہو جائیں۔ ذرائع کے مطابق ووٹر ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے ووٹ کی تصدیق کرسکتے ہیں اگر ووٹر کو اپنا ووٹ نہ ملے تو وہ الیکشن کمشن سے رجوع کرسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق انتخابات سے قبل ہم ووٹروں کو ایس ایم ایس کے ذریعے بتائیں گے کہ انہوں نے کس پولنگ سٹیشن پر اپنا ووٹ ڈالنا ہے۔
ووٹر لسٹوں کی تیاری، کسی ملک کی امداد قبول نہیں کی جائیگی
Oct 14, 2012