کوئٹہ(ثناءنیوز)کالعدم تنظیم بلوچ ٹائیگر لبریشن آرمی نے لاہور کے انار کلی بازار میں ہونے والے بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔بی ٹی ایل اے کے ترجمان مہران بلوچ نے ٹیلی فون پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ حملہ بلوچستان میں فوجی آپریشن کے ردعمل میں کیا۔نجی ٹی وی کے مطابق مہران بلوچ نے خبر دار کیا کہ وہ آئندہ بھی ایسے حملے کرتے رہیں گے۔ لاہور کے مشہور بازار میں جمعرات کو ہونے والے اس دھماکے میں 2 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے جبکہ میو ہسپتال میں بم دھماکے کے پانچ زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ دس زخمی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیئے گئے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق لاہور انارکلی دھماکے کے الزام میں ٹھل سے گرفتار دونوں افراد کو رہا کر دیا گیا۔ ایس ایس پی ظفر اقبال کے مطابق تحقیقات کے بعد موسیٰ اور یوسف کو چھوڑ دیا گیا۔ دونوں افراد کے نام پر 28 سمیں رجسٹرڈ ہیں جبکہ سمیں نامعلوم افراد استعمال کر رہے تھے۔ قبل ازیں پنجاب اور سندھ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لاہور دھماکے کے الزام میں گرفتار ملزم کی نشاندہی پر ٹھل کے قریب نواحی گوٹھ جمال سرکی میں کارروائی کرکے ایک شخص کو گرفتار کیا تھا۔