”لبیک اللھم لبیک“ دنیا بھر کے 20 لاکھ سے زائد فرزندان اسلام آج فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے

Oct 14, 2013

مکہ مکرمہ + لاہور (مبشر اقبال لون استادانوالہ سے + ممتاز احمد بڈانی+ خصوصی نامہ نگار) پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے 20 لاکھ سے زائد فرزندان آج فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ عازمین نے 8 ذوالحجہ کو ظہر، عصر، مغرب اور عشاءکی نمازیں منیٰ میں ادا کیں آج (9 ذوالحجہ) کو فجر کی نماز منیٰ میں ادا کر کے سورج طلوع ہونے کے بعد لبیک اللھم لبیک کے ترانہ بندگی کی صدا¶ں کی گونج میں منٰی سے عرفات پہنچیں گے اور آج میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔ تمام حاجیوں کیلئے اس جگہ حاضری ضروری ہے ورنہ اس کے بغیر کسی شخص کا حج ادا نہیں ہوتا۔ میدان عرفات میں واقع مسجد نمرہ میں مفتی اعظم سعودی عرب عبدالعزیز بن عبداللہ آل شیخ حج کا خطبہ دیں گے جس کے بعد ایک اذان اور دو تکبیروں کے ساتھ ظہر اور عصر کی نمازیں اکٹھی اور قصر ادا کی جائیں گی۔ حجاج کرام میدان عرفات میں و اقع پہاڑ جبل رحمت پر جا کر دعائیں مانگیں گے جہاں رسالت مآب نے حجة الوداع کا آخری خطبہ ارشاد فرمایا تھا۔ سورج غروب ہونے تک حجاج کرام میدان عرفات میں قیام کر کے اپنی خطا¶ں اور لغزشوں کی معافی اور رحمتیں طلب کریں گے۔ حجاج کرام وقوف عرفہ کا اہم ترین رکن ادا کرنے کے بعد سورج غروب ہوتے ہی مزدلفہ روانہ ہو جائیں گے۔ جہاں وہ مغرب اور عشاءکی قصر و جمع ادا کریں گے میدان مزدلفہ میں صبح تک قیام کریں گے وہاں سے کنکریاں لیکر رمی کیلئے نماز فجر کے بعد واپس منٰی جمرات آجائیں گے۔ اس سال گذشتہ برسوں کے مقابلے میں غیر قانونی طریقے سے حج پر جانے والوں کو صحیح معنوں میں کنٹرول کیا گیا ہے۔ جدہ، طائف اور دیگر علاقوں کے چور راستوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ گورنر مکہ مکرمہ و سربراہ مرکزی حج کمیٹی شہزادہ خالد الفیصل نے اعلان کیا کہ اجازت نامے کے بغیر مقامات مقدسہ کا رخ کرنے والے 15 ہزار عازمین کو واپس کر دیا گیا ہے۔ 63 فرضی معلمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ عازمین کی بھاری تعداد مشاعر مقدسہ ٹرین کے ذریعے منیٰ سے عرفات پہنچ رہی ہے۔ ٹرین ایک گھنٹے میں 72 ہزار حجاج کرام کو مشاعر مقدسہ میں سفر کی سہولت فراہم کریگی۔ حجاج کرام کی منٰی سے عرفات منتقلی کی کارروائی کو منظم بنانے کیلئے حج انتظامیہ کی طرف سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ ٹریفک جام نہ ہو سکیورٹی فورسز کے اہلکار امن انتظامات کو یقینی بنائے رکھنے کیلئے مسلسل گشت کر رہے ہیں۔ حج سکیورٹی فورس کے معاون کمانڈر برائے ٹریفک امور میجر جنرل سلیمان العجلان نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت مشاعر مقدسہ کے ایک ایک چپہ پر گہری نظر رکھی جائےگی۔ 35 سے زیادہ پولیس سٹیشن مشاعر مقدسہ میں قائم کئے گئے ہیں۔ ان کی بدولت عازمین حج کے لئے امن و امان کی فراہمی یقینی ہو گئی ہے۔ منٰی سے میدان عرفات کے راستوں کی نشاندہی کیلئے بڑے بڑے بورڈ آویزاں ہیں جبکہ سکا¶ٹس کے دستے بھی راستوں میں متعین ہیں جو حجاج کرام کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ سعودی فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز آل سعود کی طرف سے کھانے پینے کی اشیاءکے کولڈ کنٹینروں سے پانی کی لاکھوں بوتلیں اور خوراک کے پیکٹ اور وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور انکے خاندان کی جانب سے بھی حجاج کرام میں فروٹ، جوسز اور کھانے پینے کی اشیاءپر مشتمل پیکٹس اور حجاج کرام کو سورج کی تپش سے بچانے کے لئے چھتریاں تقسیم کی جا رہی ہیں۔ عرفات کے میدان میں مسجد نمرہ کے چاروں جانب تاحدِ نگاہ خیموں کا شہر آباد ہے جہاں معلمین کی نشاندہی کیلئے نشانات لگائے گئے ہیں ہر ملک کے حج مشن کی شناخت کے لئے اس کا پرچم کیمپ پر لگایا گیا ہے۔ بجلی کمپنی کے چیئرمین انجینئر علی البراک نے بتایا کہ مشاعر مقدسہ میں د وران حج بہترین سروس کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے اس کی فعالیت سے 14973 میگاواٹ بجلی تیار کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ الشعبیہ پاور پلانٹ 790 میگاواٹ بجلی مہیا کر رہا ہے۔ نیشنل واٹر کمپنی نے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں عازمین حج کی آبی ضروریات پوری کرنے کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔ 6 لاکھ مکعب میٹر سے زیادہ پانی منٰی، مزدلفہ اور عرفات کی ٹینکیوں میں ذخیرہ کیا گیا ہے۔ مسجد نمرہ کے چاروں جانب اور جبل الرحمة کے اطراف میں فواروں اور ہوا دار پنکھوں کے ذریعے پانی چھڑکا جا رہا ہے تاکہ دھوپ کی تمازت سے حجاج کرام کو پریشانی نہ ہو۔ سعودی محکمہ صحت نے تمام حجاج کرام کو مشاعر مقدسہ منٰی، عرفات اور مزدلفہ میں قیام کے دوران مرس وائرس سے بچا¶ کیلئے ماسک پہننے اور کھلی جگہوں پر رکھی گئی کھانے پینے کی اشیاءسے پرہیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ منیٰ کی خیمہ بستی احرام کی دو سفید چادروں میں ملبوس 20 لاکھ سے زائد مسلمانوں کی لبیک اللھم لبیک کی صداﺅں سے گونجتی رہی۔ پاکستان سے گورنمنٹ سکیم کے تحت جانیوالے تمام حاجی آج یوم عرفہ کے موقع پر منٰی کی خیمہ بستی سے میدان عرفات جانے کیلئے مشاعر ٹرین پر سفر کریں گے ‘ 18کلومیٹر کا یہ سفر صرف 15منٹ میں طے ہو گا ۔ عرفات سے حاجیوں کی مزدلفہ کو روانگی اذان مغرب کے فورا بعد شروع ہوگی اور یہ فاصلہ صرف سات منٹ میں طے ہو گا۔ حاجیو ںکو انکے خیموں سے گروپوں کی شکل میں سٹیشن تک لے جایا جائیگا انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روانگی کے ٹائم ٹیبل کی سختی سے پابندی کریں۔ مناسک حج کی ادائیگی کیلئے حاجیوں کو مکہ مکرمہ سے منیٰ ، عرفات اور مزدلفہ کے درمیان سفر کی آرم دہ سہولتیں مہیا کرنے کیلئے یہ منصوبہ ساڑھے چھ ارب ریال کی لاگت مکمل کیا گیا ہے۔ کئی جگہوں پر یہ پٹری کنکریٹ کے ستونوں پر سطح زمین سے آٹھ تا دس میٹر کی بلندی پربچھائی گئی ہے۔ اس ٹرین کیلئے منیٰ ، عرفات اور مزدلفہ میں ہر جگہ تین تین اور مجموعی طور پر 9 عدد سٹیشن تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ٹرین میں عام مسافروں کے ساتھ ساتھ معمر‘ ضعیف اور معذور افراد کیلئے خصوصی سہولتیں مہیا کی گئی ہیں ۔ سطح زمین سے بلندی پر تعمیر کئے جانے کے باعث تمام سٹیشنوں پر بڑے برقی زینے نصب کئے گئے ہیں۔ یہ ٹرین اوسطا70کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی ۔ ہر ایک گھنٹہ میں72 ہزار سے زائد حجاج کرام مکہ مکرمہ سے مشاعر مقدسہ کے درمیان سفر کر سکیں گے۔ اسی تناسب سے 6 سے 8 گھنٹے کے دوران پانچ لاکھ سے زائد حجاج کرام کو ان مقامات کے درمیان سفر کی سہولت د ستیاب ہوگی- اس منصوبے کی تکمیل سے حاجیوں کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کو بھی فائدہ پہنچا ہے مکہ مکرمہ کی سڑکوں پر ٹریفک کے دباﺅ اور وہاں چلنے والی گاڑیوں کی تعداد میں ہزاروں کی کمی ہوگئی - بالخصوص حج کے دنوں میں ان مقامات کے درمیان چلنے والی 70ہزار بسوں کی تعداد میں 25 ہزار کی کمی واقع ہوئی ہے- سعودی عرب نے اجازت نامے کے بغیر حج پر آنے والے مقامی افراد کیخلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق مدینہ منورہ، ریاض اور دیگر شہروں میں تلاشی کے دوران سینکڑوں مقامی افراد کو پکڑا گیا۔ سعودی حکومت نے ایک بھکاری خاندان کے 27 افراد سمیت کئی بھکاریوں کو بھی گرفتار کرلیا گاڑیوں کی تلاشی بھی شروع کر دی گئی ہے ۔اطلاعات ہیں کہ کچھ مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔طائف سے ممتاز احمد بڈانی کی رپورٹ کے مطابق منیٰ اور دیگر مقامات پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔گورنر مکہ مکرمہ خود تمام انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ رضاکاروں کے علاوہ تیرہ سو پاکستانی رضاکار تعینات کئے گئے ہیں۔ ہیلی کاپٹرز بھی سکیورٹی کے لئے گشت کر رہے ہیں۔ منیٰ کا موسم خوشگوار ہے۔ جگہ جگہ سکیورٹی کیمرے لگائے گئے ہیں۔ صدر ممنون حسین وفاقی مذہبی امور سردار یوسف خان اور سعودی عرب میں تعینات سفیر پاکستان نعیم خان بھی فریضہ حج ادا کررہے ہیں۔

مزیدخبریں