بیت اللہ کا غلاف آج تبدیل کیا جائیگا 2 کروڑ ریال کی لاگت سے 760 کلو ریشم، 150 کلو سونا، چاندی سے تیار ہوا

لاہور (خصوصی نامہ نگار) بیت اللہ کا غلاف (کسویٰ) آج تبدیل کیا جائیگا۔ نیا غلاف 2 کروڑ ریال کی لاگت سے 670 کلوگرام خالص ریشم سے تیار کیا گیا ہے۔ غلاف کی تیاری میں 150 کلوگرام خالص سونا اور چاندی بھی استعمال کی گئی ہے۔ اس پر بیت اللہ کی حرمت اور حج کی فرضیت اور فضیلت کے بارے میں قرآنی آیات کشیدہ کی گئی ہےں۔ اس کا سائز 658 مربع میٹر ہے۔ یہ 47 حصوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ ہر حصہ 14 میٹر طویل اور 95 سینٹی میٹر چوڑا ہوتا ہے۔ زمین سے 3 میٹر کی بلندی پر نصب کعبہ کے دروازے کی لمبائی 6 میٹر اور چوڑائی 3 میٹر ہے ۔ غلاف کعبہ چار دیواروں کے علاوہ دروازے پر بھی آویزاں کیا جاتا ہے۔ اتارے جانیوالے غلاف کے ٹکڑے بیرونی ممالک سے آئے ہوئے سربراہان مملکت اور دیگر معززین کو بطور تحفہ پیش کردئیے جاتے ہیں۔ یہ غلاف ہر سال 9 ذوالحجہ کو تبدیل کیا جاتا ہے جبکہ کعبہ کو غسل ہر سال دو مرتبہ شعبان اور ذوالحجہ کے مہینوں میں دیا جاتا ہے۔ مکہ مکرمہ کے قریب غلافِ کعبہ تیار کرنے کی فیکٹری 77سال قبل قائم کی گئی تھی جہاں 200سے زائد ہنر مند مسلسل آٹھ ماہ کی محنت سے اسے تیار کرتے ہیں۔ خادم حرمین شریفین شاہ عبد اللہ کی دعوت پر اس سال دنیا کے 80 ملکوں سے تعلق رکھنے والے 1400 افراد شاہی مہمان کی حیثیت سے حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ شاہ عبد اللہ کی دعوت پر گزشتہ سالوںکے دوران22ہزار سے زائد افراد حج کر چکے ہیں- اس کے علاوہ فلسطینی شہدا کے خاندانوں کے ایک ہزار افراد بھی سعودی حکومت کے مہمان کے طور پر حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن